پیراپلیجک سنٹر پشاور میں عیدالاضحی پر فلاحی اداروں کی مثالی سرگرمیاں

پیراپلیجک سنٹر پشاور میں عیدالاضحی پر فلاحی اداروں کی مثالی سرگرمیاں۔
ڈاکٹر الیاس سید نے فکس اٹ کی اس پرخلوص شرکت کو دل سے سراہا۔
پشاور(نمائندہ فاطمہ جعفر) گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق پیراپلیجک سنٹر پشاور میں عیدالاضحیٰ کے پرمسرت موقع پر بعض فلاحی اداروں اور مخیر حضرات کے جذبہ قربانی اور دکھی انسانیت کی خدمت کی خوبصورت جھلکیاں دیکھنے کو ملیں۔ سنٹر میں داخل باہم معذوری کے شکار مریضوں اور ان کے تیمارداروں کیلئے جہاں قطر چیریٹی اور فرینڈز آف پیراپلیجکس نے اپنی روایت برقرار رکھی، وہیں فکس اِٹ خیبرپختونخوا نے عید کے دن کو یادگار بنا دیا۔قطر چیریٹی کی جانب سے قربانی کا گوشت 98 افراد باہم معذوری، مریضوں اور ان کے اہل خانہ میں تقسیم کیا گیا۔ اس اقدام پر ڈاکٹر سید محمد الیاس نے گہری مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قطر چیریٹی نے جس طرح پشاور کے افراد باہم معذوری میں قربانی کا گوشت بانٹا، اس جذبے نے سب کے دل جیتے۔ قطر چیریٹی کی جانب سے عیدالاضحی کیلئے پیراپلیجک سنٹر اور فرینڈز آف پیراپلیجکس کا انتخاب اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ ادارے حقیقی فلاحی مشن پر کاربند ہیں اور یقیناً قطر چیریٹی آئندہ بھی ان کے ساتھ مل کر حقیقی خدمت اور ایثار کا یہ سلسلہ جاری رکھے گا۔فرینڈز آف پیراپلیجکس پشاور نے بھی حسبِ روایت عید کے موقع پر اپنی خدمات جاری رکھیں۔ اس بار ایک بچھڑے کی قربانی کی گئی جس کا گوشت مریضوں اور ان کے تیمارداروں کو ایامِ عید میں حسبِ ضرورت فراہم کیا گیا۔اسی طرح فلاحی تنظیم فکس اِٹ کے صوبائی صدر عدنان خان نہ صرف خود پیراپلیجک سنٹر پشاور تشریف لائے بلکہ اپنی ٹیم کے ہمراہ قربانی کے چار بکرے لائے۔ ان کے ساتھ فکس اِٹ فیملی ہوم کے پچاس یتیم بچے اور ان کے مربی بھی شریک تھے جنہوں نے مریضوں کے ساتھ عید کی خوشیاں بانٹیں، کھانے میں شرکت کی اور بچے سنٹر کے سبزہ زار میں کھیل کر خوب لطف اندوز ہوئے۔فرینڈز آف پیراپلیجکس کے رضاکاروں اور فکس اِٹ ٹیم نے مل کر قربانی کے گوشت سے مریضوں اور بچوں کی ضیافت کی۔ بچوں میں عیدی اور مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئیں، جس سے انکے چہروں پر مسکراہٹیں بکھر گئیں۔ڈاکٹر الیاس سید نے فکس اِٹ کی اس پرخلوص شرکت کو دل سے سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ عدنان خان اور ان کی ٹیم نے جس جذبے سے پیراپلیجک سنٹر کے مریضوں اور یتیم بچوں کے ساتھ یہاں عید منائی، وہ محض ضیافت یا روایتی خیراتی سرگرمی نہیں بلکہ انسان دوستی، شفقت اور ہم آہنگی کی ایک زندہ مثال تھی۔ ان کے بقول، یہ دن نہ صرف مریضوں کیلئے خوشی کا پیغام تھا بلکہ خود ان کیلئے بھی جذباتی طور پر بھرپور تجربہ ثابت ہوا، خاص طور پر اس لئے کہ ان کے دونوں بیٹے، عمر اور علی، بھی اس موقع پر ان کے ساتھ موجود تھے۔اس موقع پر فرینڈز آف پیراپلیجکس کے چیئرمین ثناء اللہ،جنرل سیکرٹری انجینئر عرفان اللہ، ایگزیکٹو اراکین اور ضلعی کوآرڈینیٹرز بھی موجود رہے، جنہوں نے ایام عید کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔



