18 اپریل کو فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ریلی نکالی جائے گی۔ حافظ عبدالحمید عامر

18 اپریل کو فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ریلی نکالی جائے گی۔ حافظ عبدالحمید عامر
ریلی کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے جامعہ علوم اثریہ میں مشاورتی اجلاس ہوا۔
جہلم (محمد زاہد خورشید) 18 اپریل کو فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ریلی نکالی جائے گی، ان خیالات کا اظہار جامعہ علوم اثریہ جہلم کے مہتمم اور مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے نائب امیر حافظ عبدالحمید عامر نے مشاورتی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا، انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل کی طرف سے نہتے فلسطینیوں پر جو ظلم کے پہاڑ ڈھائے جا رہے ہیں، اب ان مظالم پر خاموشی اختیار کرنا گناہ ہے اور ایمانی حمیت و غیرت کے سرا سر خلاف ہے، اب وقت آ گیا ہے کہ اہل فکر و دانش مل کر کوئی متفقہ اور مؤثر لائحہ عمل بنائیں جس سے فلسطین پر ظلم کو روکا جا سکے، انہوں نے مزید کہا: سچی بات ہے کہ جب بھی اہل غزہ پر ظلم کی کوئی خبر سنتے ہیں یا کوئی ویڈیو آنکھوں کے سامنے سے گزرتی ہے تو دل خون کے آنسو روتا ہے اور اپنی بے بسی دیکھ کر خود سے بھی منہ چھپانے کو جی چاہتا ہے، لیکن اپنے ضمیر کو مطمئن کرنے کے لیے ہمیں لازمی طور پر اپنے حصے کا کام کرنا چاہئے۔ جامعہ علوم اثریہ میں مشاورتی اجلاس میں اساتذہ اور جماعتی کارکن شریک تھے،مرکزی جمعیت اہل حدیث، اہل حدیث یوتھ فورس اور اہل حدیث سٹوڈنٹس فیڈریشن ضلع جہلم کے کارکنوں نے اس ریلی کوکامیاب اور مؤثر بنانے کے لیے اپنے پختہ عزم کا اظہار کیا۔ مشاورت کے ساتھ اجلاس میں طے پایا ہے کہ ریلی 18 اپریل نماز جمعہ کے بعد چوک اہل حدیث سے شروع ہوگی اور اقبال لائبریری روڈ سے ہوتے ہوئے شاندار چوک پر اختتام پذیر ہوگی، وہاں قائدین خطاب کریں گے۔



