گجرات پولیس کی فوری کارروائی، غیرت کے نام پر بہن کو قتل کرنے والے دونوں بھائی آلہ قتل سمیت گرفتار

گجرات پولیس کی فوری کارروائی، غیرت کے نام پر بہن کو قتل کرنے والے دونوں بھائی آلہ قتل سمیت گرفتار
تفصیلات کے مطابق 28 سالہ ثمرہ بی بی کو اس کے بھائیوں نے گھر کے اندر مبینہ طور پر بدچلنی کے شبہ میں پستول سے فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔واضح رہے کہ یکم جون 2026 کو ثمرہ بی بی اور تنزیلہ فاطمہ کے اغوا کا مقدمہ تھانہ ٹانڈہ میں درج ہوا تھا۔ بعد ازاں پولیس نے دونوں خواتین کو بازیاب کر کے علاقہ مجسٹریٹ کے روبرو پیش کیا، جہاں ان کے بیانات کی روشنی میں عدالت نے انہیں اپنے ورثاء کے ساتھ جانے کی اجازت دی۔ اس کے بعد ثمرہ بی بی اپنے بھائی محمد الیاس کے گھر رہائش پذیر تھی۔
جبکہ آج مورخہ 17 جولائی 2026 کو دونوں بھائیوں نے باہمی مشورے سے اپنی بہن ثمرہ بی بی کو مبینہ طور پر غیرت کے نام پر فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ ٹانڈہ انسپکٹر عثمان وارث پولیس نفری کے ہمراہ فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے۔ پولیس نے مقدمہ اپنی مدعیت میں درج کر کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دیں۔پولیس ٹیموں نے پیشہ ورانہ مہارت اور جدید تفتیشی ذرائع بروئے کار لاتے ہوئے دونوں ملزمان کو چند ہی گھنٹوں میں آلہ قتل سمیت گرفتار کر لیا۔ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور واقعہ کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔
گجرات پولیس اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ غیرت کے نام پر قتل سمیت ہر سنگین جرم میں ملوث ملزمان کو قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا دلوانے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔



