کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن کے آٹھویں سالانہ انتخابات 2025–26 کے نتائج کا اعلان

کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن کے آٹھویں سالانہ انتخابات 2025–26 کے نتائج کا اعلان
کراچی : (بیوروچیف:مہر عاصم آرائیں جہلمی)
کراچی پریس کلب میں کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن (CRA) کے آٹھویں سالانہ انتخابات 2025–26 کامیابی کے ساتھ منعقد ہوئے، جس میں جرنلسٹ پینل نے نمایاں برتری حاصل کرتے ہوئے 13 میں سے 11 نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔ مدمقابل جسٹس پینل سے صدارتی امیدوار سمیر قریشی سمیت دو امیدوار کامیاب قرار پائے۔
انتخابی نتائج کے مطابق صدر کے عہدے پر سمیر قریشی منتخب ہوئے، جبکہ نائب صدر کی نشست پر عبید اللہ شاہ کامیاب رہے۔ جنرل سیکرٹری کے لیے ندیم احمد، جوائنٹ سیکرٹری کے عہدے پر مونس سراج اور انفارمیشن سیکرٹری کے طور پر آصف خان منتخب ہوئے۔ اسی طرح خازن کے عہدے پر اکرم قریشی کامیاب قرار پائے۔
گورننگ باڈی کے ارکان میں ثاقب عالم، صبا عروج خان، وحید جیلانی، اظہر زیدی، اورنگزیب جبار، عدنان راجپوت اور مطلوب بیگ شامل ہیں۔
انتخابات میں ممبران کی بھرپور شرکت دیکھنے میں آئی، جہاں 195 میں سے 151 ممبران نے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا، جو ایسوسی ایشن پر اعتماد اور جمہوری عمل سے وابستگی کا واضح اظہار ہے۔
نو منتخب عہدیداران نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ کرائم رپورٹرز کے پیشہ ورانہ حقوق کے تحفظ، فیلڈ میں درپیش مسائل کے مؤثر حل اور مثبت و ذمہ دار صحافتی اقدار کے فروغ کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔ انتخابات کے کامیاب انعقاد پر الیکشن کمیٹی کی کارکردگی کو بھی سراہا گیا۔
دریں اثنا، نو منتخب قیادت کو مختلف صحافتی حلقوں کی جانب سے مبارکبادوں کا سلسلہ رات گئے تک جاری رہا۔



