پنجاب

مسلم اُمہ کے تمام مسائل کا حل جرأتِ حیدریؑ اختیار کرنے میں مضمر ہے۔ علامہ حسین مقدسی

ملک کے طول و عرض میں شیرِ خدا کا ماتم: شہادتِ امیر المومنین حضرت علیؑ ابنِ ابی طالبؑ کی مجالس و جلوسوں میں رقعت انگیز مناظر

مسلم اُمہ کے تمام مسائل کا حل جرأتِ حیدریؑ اختیار کرنے میں مضمر ہے۔ علامہ حسین مقدسی

مشاہیرِ اسلام کو فراموش کرنا اور جنت البقیع کی مسماری امتِ مسلمہ کے مسائل کی بنیادی وجہ ہے

نیشنل ایکشن پلان کے مطابق کالعدم جماعتوں پر عملی پابندی انسدادِ دہشتگردی کیلئے لازمی ہے

سیاسی و اقتصادی بحران سے نمٹنے کیلئے ذاتی و جماعتی مفاد سے بالاتر ہو کر فیصلے کرنے ہونگے

آئی ایم ایف اور دیگر استعماری طاقتوں کی کاسہ لیسی سے نجات کیلئے راہِ علیؑ اختیار کرنا ہو گی

مسجدِ اقصیٰ کی بے حرمتی تشویشناک، 23 رمضان جمعۃ الوداع کو عالمی یومُ القدس حمایتِ مظلومین منائیں گے

آقا ئے موسوی کے مطابق عصبیتی بنیاد پر انتخابی سیاست میں امیدوار اتارنا ملک کیلئے زہرِ قاتل ہے، اپنی پالیسی کا اعلان انتخابات کی آمد پر کریں گے

مولا علیؑ کی ذات امتِ مسلمہ کیلئے نکتۂ اجتماع ہے، سربراہ ٹی این ایف جے کا مرکزی جلوس میں میڈیا و عزاداروں سے خطاب، تبرکات کی زیارت و پرسہ داری

جلوسوں کے دوران اہلسنت کی سبیلیں، رضا کار تنظیموں اور سیکیورٹی اداروں کے سخت حفاظتی انتظامات، خواتین کی مرکزی مجلس و تابوت جامعۃ المرتضیٰؑ جی نائن فور میں منعقد ہوا

راولپنڈی : امیر المومنین، شیرِ خدا، بابِ مدینۃ العلم، فاتحِ خیبر حضرت علی المرتضیٰؑ کا یومِ شہادت پاکستان سمیت دنیا بھر میں بدھ 21 رمضان کو عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا، پاکستان کے تمام چھوٹے بڑے شہروں قصبوں دیہات میں مجالسِ عزا منعقد ہوئیں اور ماتمی جلوس نکالے گئے جن میں تابوت، ذوالجناح اور علم کے تبرکات بھی شامل تھے۔ اس موقع پر عشقِ رسالتؐ و اہلبیتؑ کے رقت انگیز مناظر دیکھنے میں آئے جلوسوں کے دوران شیعہ سُنی برادران یکجان نظر آئے اہلسنت برادران نے سبیلیں لگائیں نیاز تقسیم کی اور عزاداروں نے سینہ زنی، زنجیر زنی، قمع زنی، نوحہ خوانی و ماتم کے ذریعے شہیدِ مسجدِ کوفہ حضرت علی المرتضیٰؑ کی شہادت کا پرسہ بارگاہِ رسالتؐ میں پیش کِیا۔ راولپنڈی کا مرکزی ماتمی جلوس عزاء خانہ مبارک بانو موہن پورہ سے برآمد ہوا جس میں ہزاروں عزاداروں نے شرکت کی۔ جلوس میں سربراہ ٹی این ایف جے علامہ سید حسین مقدسی نے تبرکات کی زیارت اور پرسہ داری میں شرکت کی۔ اس موقع پر میڈیا نمائندوں اور عزاداروں سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے علامہ سید حسین مقدسی نے کہا کہ آج دنیا بھر میں اہلِ اسلام حضرت علیؑ ابنِ ابی طالبؑ کے یومِ شہادت کے موقع پر بارگاہِ رسالتؐ میں تعزیت و پرسہ پیش کر رہے ہیں۔ امیر المومنین حضرت علیؑ ابنِ ابی طالبؑ کی ذاتِ اقدس عِلم و حکمت، زہد و تقویٰ، شجاعت و بہادری اور عدل و انصاف کا استعارہ ہے اور نبی کریم حضرت محمدِ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی طرح امتِ مسلمہ کیلئے نکتۂ اجتماع کی حیثیت رکھتی ہے۔ حضرت علیؑ بقائے دین و شریعت کی ہر جنگ اور معرکے کے فاتح اور ہیرو ہیں، رسولِؐ خدا نے مولا علیؑ سے محبت کو اپنی محبت اور انؑ سے دشمنی و عداوت کو خود سے بغض و عداوت قرار دیا۔ رسولِؐ خدا نے حضرت علیؑ کی حقانیت کی ضمانت دیتے ہوئے فرمایا کہ حق علیؑ کے ساتھ اور علیؑ حق کے ساتھ ہے اور پھر دعا فرمائی کہ خدایا حق کو وہیں پھیر دے جس جانب علیؑ رخ کرے۔ انہوں نے کہا کہ عصرِ حاضر میں امتِ مسلمہ کو درپیش چیلنجز سے نبرد آزما ہونے اور عالمی استعمار و استکبار اور انکے مفادات کیلئے قائم عالمی اداروں کی بلیک میلنگ کے خاتمے کیلئے اسوۂ حیدرِ کرارؑ کی پیروی کرنی ہو گی۔ ملک میں سیاسی بحران کے بارے اپنا موقف واضح کرتے ہوئے علامہ حسین مقدسی نے کہا کہ اقتصادی و آئینی بحرانوں سے نکلنے کیلئے تمام محبِ وطن قوتوں کو مل بیٹھ کر مشترکہ حکمت عملی تیار کرنی ہو گی، آئین کی بالادستی کو مقدم اور قومی مفاد کو ذاتی و جماعتی مفادات پر ترجیح دینی ہو گی۔ ہم نے گذشتہ روز آئین کی پچاسویں سالگرہ منائی ہے اس حوالے سے ہر قیمت پر آئین کی حفاظت اور بالا دستی یقینی بنانا ہو گی۔تیزی سے بدلتے ہوئے عالمی منظر نامے میں مسلم اُمہ کا اتحاد وقت کا اہم ترین تقاضہ ہے۔ ایران و سعودی عرب تعلقات کی بحالی خوش آئند ہے، ہر قسم کے وسائل سے مالا مال مسلم ممالک باہمی اتحاد و اتفاق کے ذریعے اپنے سیاسی و معاشی مسائل کا حل نکالیں تا کہ کوئی بھی ملک آئی ایم ایف کے شکنجے میں نہ پھنسے اور نہ ہی اسے امریکی کاسہ لیسی اختیار کرنی پڑے۔ ملک میں دہشتگردی کے واقعات کی پُر زور مذمت کرتے ہیں، بلوچستان میں دہشتگرد حملوں کے پیچھے ازلی دشمن کا ہاتھ ہے جو مسلسل پاکستان کے حالات خراب کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ انسدادِ دہشتگردی کیلئے عساکرِ پاکستان اور پولیس کے بہادر جوانوں کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے علامہ حسین مقدسی نے مطالبہ کِیا کہ نیشنل ایکشن پلان کی تمام شِقوں پر بِلا امتیاز عملدرآمد یقینی بنایا جائے جبکہ تمام کالعدم دہشتگرد گروپوں پر عملی پابندی عائد کر کے ان سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے کیونکہ کالعدم جماعتیں پاکستان کے بیرونی دشمنوں کیلئے مقامی سہولت کار و آلہ کار کا کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ امر قابلِ صد افسوس ہے کہ مسلمانوں کا قبلۂ اول آج یہود کے تسلط میں ہے جبکہ مقبوضہ کشمیر پر ہنود نے قبضہ جما رکھا ہے جو عالمِ اسلام کی غیرت پر سوالیہ نشان ہے۔ علامہ سید حسین مقدسی نے آمدہ 8 شوال کو انہدامِ جنت البقیع کے 100 سال مکمل ہونے پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں پُر امن ماتمی احتجاج منعقد کرنے کا اعلان کِیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کے محسنوں کے مزارات اور ان سے وابستہ آثار اسلامی تاریخ کا حصہ ہیں جن کا انہدام اسلامی تاریخ کو مٹانے کے مترادف ہے۔ جب تک مشاہیرِ اسلام کے آثار کی عظمتِ رفتہ بحال نہیں کی جاتی امتِ مسلمہ مصائب و آلام کا شکار رہیگی۔ میڈیا نمائندگان کی جانب سے مختلف سوالات کا جواب دیتے ہوئے علامہ حسین مقدسی نے کہا کہ وطنِ عزیز پاکستان شیعہ سُنی برادران کی مشترکہ کاوشوں اور قربانیوں کا ثمر ہے اور پاکستان کے خلاف ہونیوالی ہر سازش کو شیعہ سُنی وحدت سے ناکام بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست شجرِ ممنوعہ نہیں ہے تاہم قائدِ ملتِ جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کی پالیسی کے مطابق مذہب و مسلک کے نام پر عملی انتخابی سیاست میں امیدوار کھڑے کرنا ملک و قوم کیلئے زہرِ قاتل ہے اور ہم نے ہمیشہ اس کی مذمت کی ہے۔ سیاسی جماعتوں کی حمایت کے حوالے سے انتخابات کی آمد پر لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ جلوس میں سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں علامہ حسین مقدسی نے کہا کہ ہم سیکیورٹی کے احسن اقدامات کو سراہتے ہیں اور اس مقصد کیلئے خدمات دینے والے پولیس و افواج کے اہلکاروں کیلئے دعا گو ہیں البتہ ملک میں سیاسی بحران کی کیفیت سے کالعدم جماعتیں فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہی ہیں جنہیں قابو میں لائے بغیر پائیدار امن کی قیام ممکن نہیں۔ علامہ سید حسین مقدسی نے اس موقع پر اعلان کِیا کہ رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں جشنِ نزولِ قرآن، جمعۃ الوداع کو یوم القدس حمایتِ مظلومین اور 8 شوال کو یومِ انہدام جنت البقیع منائیں گے، عید الفطر پر سیکیورٹی انتظامات سخت رکھے جائیں۔ درایں اثناء مکتبِ تشیُع کے ہیڈ کوارٹر میں موصولہ اطلاعات کے مطابق کراچی میں نشتر پارک سے جلوسِ عزا برآمد ہو کر نمائش چورنگی، ایم اے جناح روڈ صدر سے ہوتا ہوا کھارادر میں بڑا امام بارگاہ پر اختتام پزیر ہوا، لاہور میں چاندی کا بنا تاریخی تعزیہ کا جلوسِ عزا مبارک حویلی اندرون موچی دروازے سے برآمد ہو کر مقررہ راستوں سے ہوتے ہوا کربلا گامے شاہؒ پر اختتام پزیر ہوا، پشاور میں امام بارگاہ اخوند آباد سے جلوسِ عزا برآمد ہو کر امام بارگاہ عالم شاہ جعفری تک جانے کے بعد جلوس واپس اسی امام بارگاہ میں اختتام پذیر ہوا محلہ محمد داد علاقہ آسیہ میں بر مکان سردار علی گوہر مرحوم سابقہ ضلعی صدر تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پشاور کے گھر پر مرکزی مجلس منعقد ہوئی، کوئٹہ میں نچاری امام بارگاہ، امام بارگاہ ناصر العزا، امام بارگاہ کلاں میکانکی روڈ سے مرکزی جلوس برآمد ہوئے، فیصل آباد (دھروڑ) میں مرکزی ماتمی جلوسِ عزاء افتخار حسین حیدری کے مکان سے برآمد ہو کر مقررہ راستوں سے ہوتا واپس حیدری منزل میں اختتام پذیر ہوا، اسلام آباد بری امامؒ سمیت ملتان، ڈیرہ غازی خان، گجرات، کوہاٹ، مردان، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، سکھر، خیرپور دادو اور حیدر آباد میں عظیم الشان جلوس نکالے گئے جن میں شیعہ سُنی عزاداروں نے شرکت کر کے بے مثال مودتِ اہلبیتؑ اور اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کِیا، ٹی این ایف جے کیجانب سے عزاداروں کی سہولت کیلئے جا بجا عزاداری کیمپ لگائے گئے، مختار فورس والنٹیئرز، ابراہیم سکاؤٹس، ام البنین ڈبلیو ایف نے رضاکارانہ خدمات سر انجام دِیں۔ خواتین کی مرکزی مجلس جامعۃ المرتضیٰؑ جی نائن فور اسلام آباد میں ام البنین ڈبلیو ایف، سکینہ جنریشن و گرلز گائیڈ کے زیرِ اہتمام منعقد ہوئی جس سے میں ہزاروں خواتین نے شرکت کی اور تابوتِ شہیدِ کوفہ برآمد کِیا گیا۔ علیؑ مسجد سیٹلائٹ ٹاؤن سے یومِ شہادتِ علیؑ کا جلوس تابوت برآمد ہوا جس میں مختلف ماتمی دستوں نے ماتمداری کی، قبل از جلوس مجلسِ عزا منعقد ہوئی جس سے علامہ قمر حیدر زیدی، علامہ مفتی باسم عباس زاہری، علامہ وقار حسین نقوی و دیگر نے خطاب کِیا۔

Mehr Asif

Chief Editor Contact :03315456655 03005441090

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

I am Watching You