سندھ

مائیکروبیال پیتھوجنز میں اینٹی بائیوٹک مزاحمت عالمی صحت کے لئے سنگین خطرہ بن کر ابھری ہے۔ مقررین

*مائیکروبیال پیتھوجنز میں اینٹی بائیوٹک مزاحمت عالمی صحت کے لئے سنگین خطرہ بن کر ابھری ہے۔ مقررین*

*2050 تک یہ توقع کی جا رہی ہے کہ اینٹی بایوٹک مزاحم بیکٹیریا کے ذریعے پیدا ہونے والی انفیکشنز دیگر تمام قسم کی اموات کو پیچھے چھوڑ دیں گی۔ مقررین*

*بایوٹک مزاحم بیکٹیریا کے ذریعے پیدا ہونے والی انفیکشنز کا مالی بوجھ موجودہ 66 ارب امریکی ڈالر سے بڑھ کر 159 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ جائے گا۔ مقررین*

کراچی (رپورٹ: جاوید صدیقی) دنیا بھر میں اینٹی بائیوٹک مزاحمت مائیکروبیال پیتھوجنز کے درمیان ایک سنگین صحت کے خطرے کے طور پر ابھرتی جا رہی ہے۔ 2050 تک یہ توقع کی جا رہی ہے کہ اینٹی بایوٹک مزاحم بیکٹیریا کے ذریعے پیدا ہونے والی انفیکشنز دیگر تمام قسم کی اموات کو پیچھے چھوڑ دیں گی، اور اس کا مالی بوجھ موجودہ 66 ارب امریکی ڈالر سے بڑھ کر 159 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ جائے گا۔ان خیالات کا اظہار مقررین نے شعبہ مائیکرو بائیولوجی جامعہ کراچی اور فوڈ اینڈ ایگری کلچر آرگنائزیشن، یونائیٹڈ نیشنزکے اشتراک سے جامعہ کراچی میں اینٹی مائیکروبیل مزاحمت آگاہی ہفتہ 2025 ء کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کا اہتمام چائنیز ٹیچرز میموریل آڈیٹوریم جامعہ کراچی میں کیا گیا۔ مقررین میں جامعہ کراچی کے قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد حارث شعیب، بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم جامعہ کراچی کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر رضا شاہ، ڈاکٹر کرن حبیب، انفیکشس ڈیزیز کنسلٹنٹ، آغا خان یونیورسٹی، ڈاکٹر امبرین فاطمہ، ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز اور ڈاکٹر نعمان علی، فوڈ اینڈ ایگری کلچر آرگنائزیشن، یونائیٹڈ نیشنزشامل ہیں۔ یونائیٹڈ نیشنز نے اینٹی مائیکروبیل مزاحمت کے بارے میں آگاہی ہفتہ 18 نومبر تا 24 نومبر 2025 کے درمیان منانے کا اعلان کیا ہے جس کا تھیم ”اب عمل کریں: اپنا حال بچائیں، اپنا مستقبل محفوظ کریں ” ہے۔ اس حوالے سے جامعہ کراچی کے چائنیز ٹیچرز میموریل آڈیٹوریم میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں ماہرین کے خطاب، پینل ڈسکشن اور طلباء کے لیے پوسٹرز، فلائرز اور شارٹ ویڈیوز کے مقابلے شامل تھے۔ پروگرام کی چیف آرگنائزر پروفیسر نصرت جبین نے اپنے خیر مقدمی خطاب میں اس ہفتے اور تقریب کی اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
جامعہ کراچی کے قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد حارث شعیب نے پروفیسر نصرت جبین اور شریک آرگنائزر ڈاکٹر فراز معین کی اینٹی مائیکروبیل مزاحمت (AMR) کے بارے میں آگاہی کی تقریب کے انعقاد پر تعریف کی۔ انہوں نے بیکٹیریا کے خلاف اینٹی بائیوٹک مزاحمت کے بڑھتے ہوئے رجحان کو روکنے کے لئے کلینیشنز کے کردار پر زور دیا۔ ڈاکٹر حارث شعیب نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے عام وائرل انفیکشن میں بھی اینٹی بایوٹکس دی جارہی ہیں، جن کی دراصل ضرورت نہیں ہوتی۔ اس غلط استعمال کے نتیجے میں اینٹی بایوٹک ریزسٹنس میں اضافہ ہورہا ہے، جس کے بارے میں ہم پہلے بھی گفتگو کرچکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے معاشرے میں اس مسئلے کو پیچیدہ بنانے والے کئی ”تیسرے فریق” کے عوامل بھی موجود ہیں۔ ان میں دواساز کمپنیوں کا فضلہ، زرعی اور حیوانی شعبے میں بے دریغ ادویات کا استعمال، اور جانوروں کی نشوونما بڑھانے کے لیے لگائے جانے والے انجیکشن شامل ہیں۔ یہ تمام عوامل مجموعی طور پر اینٹی بایوٹک ریزسٹنس بڑھانے کے بڑے محرک بن چکے ہیں۔ بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم جامعہ کراچی کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر رضا شاہ نے کہا کہ اینٹی بائیوٹک کے بے جا استعمال سے اینٹی بایوٹک مزاحمت کے ابھار اور پھیلاؤ میں اہم کردار ادا ہوتا ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے اپنے تحقیقی کام کی روشنی میں ایک مطالعہ پیش کیا جس میں سندھ کے مختلف جغرافیائی مقامات پر انڈس دریا میں اینٹی بایوٹکس کی موجودگی کو ظاہر کیا۔ انہوں نے یہ بھی تجویز کیا کہ اینٹی بایوٹکس کو نینو فارمیٹ میں تبدیل کرنا شاید مزاحم پیتھوجنز سے پیدا ہونے والی انفیکشنز کے علاج کا حل ہو سکتا ہے۔ ڈاکٹر رضا شاہ نے مزید کہا کہ ہماری پانی کی بڑی مقدار دریاؤں اور پہاڑوں سے آنے والے پانی پر مشتمل ہے، لیکن افسوسناک امر یہ ہے کہ ہمارے پاس کوئی فعال ری سائیکلنگ نظام موجود نہیں۔ دریا کے کناروں پر موجود 38 ٹاؤنز اور دیہات اپنا فضلہ براہِ راست ان آبی گزرگاہوں میں پھینک رہے ہیں، جس کے نتیجے میں پانی کے نمونوں میں بہت زیادہ مقدار میں اینٹی بایوٹکس پائی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ تحقیق سے معلوم ہوا کہ ان آبی ذخائر میں اینٹی بایوٹکس کی مقدار قابلِ قبول حد سے کہیں زیادہ ہے، اور عوام انجانے میں اینٹی بایوٹکس پر مشتمل پانی استعمال کررہے ہیں، جس سے بیکٹیریا میں انتہائی طاقتور مزاحمتی صلاحیت پیدا ہورہی ہے۔ ڈاکٹر امبرین فاطمہ، ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے ٹرانسپلانٹ مریضوں میں مائیکروبیل مزاحمت کے مسئلے پر روشنی ڈالی جنہیں اینٹی بایوٹکس کی وجہ سے امیون کمپرو مائزڈ حالتوں میں انفیکشن کا سامنا ہوتا ہے۔ انہوں نے اسکے ساتھ ساتھ ٹائپھوئڈ کے باعث پیدا ہونے والے انتہائی مزاحم سلمونیلا ٹائفی کے ابھرتے ہوئے وبائی رجحان پر بھی روشنی ڈالی۔ ڈاکٹر کرن حبیب، انفیکشس ڈیزیز کنسلٹنٹ، آغا خان یونیورسٹی نے بیکٹیریا میں اینٹی بایوٹک مزاحمت کی تاریخ پر گفتگو کی۔ انہوں نے سامعین کو نئے اینٹی بایوٹکس کی دریافت میں کمی کے بارے میں آگاہ کیا، جو اینٹی بایوٹک مزاحمت کے مسئلے کو مزید پیچیدہ بنا رہا ہے۔ اس کے علاوہ، انہوں نے اینٹی بایوٹک اسٹیورڈ شپ کی اہمیت پر زور دیا تاکہ اینٹی بایوٹک مزاحمت کے پھیلاؤ کو روکا جاسکے۔ ڈاکٹر نعمان علی، فوڈ اینڈ ایگری کلچر آرگنائزیشن، یونائیٹڈ نیشنز نے اینٹی بایوٹک مزاحمت کے حوالے سے لائیو اسٹاک میں آگاہی کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور اس بات پر زور دیا کہ اس خطرے کو کم کرنے کے لیے قابل عمل پالیسیوں کی تیاری ضروری ہے تاکہ دستیاب ادویات مائیکروبیل انفیکشنز کے خلاف مؤثر رہیں۔ پینل ڈسکشن میں پروفیسر عیاد نعیم (فیکلٹی آف فارمیسی)، پروفیسر عبدالوہاب (ڈیپارٹمنٹ آف مائیکروبیالوجی)، ڈاکٹر فرخ نواز (انسٹی ٹیوٹ آف انوائرنمنٹل اسٹڈیز)، ڈاکٹر آبیرا موئن (ڈیپارٹمنٹ آف فوڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی)، مسز بینظیر کانول (سندھ انسٹی ٹیوٹ آف اینیمل ہیلتھ)، ڈاکٹر غزالہ بخاری (سیئرل فارماسوٹیکلز)، اور ڈاکٹر عمر خالد نے اس بات پر اتفاق کیا کہ عوامی اور نجی شعبوں کی شراکت داری، ون ہیلتھ کے تصور کا نفاذ اور مشترکہ تحقیق کی سرگرمیاں اینٹی بایوٹک مزاحمت کے بڑھتے ہوئے رجحان کو کم کرنے کے لیے ضروری ہیں۔ اسکے علاوہ، طلباء نے پوسٹرز، فلائرز اور ویڈیوز کے ذریعے اینٹی بایوٹک کے غلط استعمال اور انکے ذریعے اینٹی بایوٹک مزاحم بیکٹیریا کے ابھار کے درمیان تعلق کے بارے میں آگاہی بڑھانے کی کوشش کی۔ ان سرگرمیوں کو مختلف شعبوں کے اساتذہ اور ماہرین نے بہت پسند کیا اور سراہا۔

Mehr Asif

Chief Editor Contact : +92 300 5441090

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

I am Watching You