فراز الرحمٰن کا زرعی سیکٹر پر ٹیکس اور آڑھتی مافیا کے خاتمے کا مطالبہ

فراز الرحمٰن کا زرعی سیکٹر پر ٹیکس اور آڑھتی مافیا کے خاتمے کا مطالبہ
کراچی : (رپورٹ:عاصم آرائیں جہلمی)
سابق چیئرمین کاٹی فراز الرحمٰن نے زرعی شعبے کو ٹیکس کے دائرے میں لانے اور سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں کمی کے لیے آڑھتی مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کا مطالبہ کیا ہے۔ ایف بی آر کی جانب سے بڑے پیمانے پر ٹیکس چوری کے انکشافات پر تبصرہ کرتے ہوئے، فراز الرحمٰن نے کہا کہ حکومت کو نہ صرف صنعتوں میں ٹیکس چوری کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے بلکہ زرعی سیکٹر میں بھی شفافیت لانے کے لیے اسے ٹیکس کے نظام میں شامل کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا، "آڑھتی مافیا کی اجارہ داری کی وجہ سے روزمرہ کی اشیاء کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں۔ اس اجارہ داری کو ختم کیے بغیر پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں کو کم نہیں کیا جا سکتا۔” فراز الرحمٰن نے حکومت پر زور دیا کہ وہ کسانوں اور صارفین کو بچانے کے لیے فوری کارروائی کرے۔انہوں نے مزید کہا کہ زرعی شعبے پر ٹیکس عائد کرنے سے اس سیکٹر میں شفافیت آئے گی، جس سے ناصرف کسانوں کو فائدہ ہوگا بلکہ صارفین کو بھی سستی قیمتوں پر اشیاء دستیاب ہو سکیں گی۔ انہوں نے ایف بی آر کی حالیہ مہم کو سراہا، جس کے تحت کئی شعبوں میں ٹیکس چوری کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے، اور مزید اقدامات کی ضرورت پر زور دیا تاکہ ملکی معیشت مضبوط ہو سکے۔



