صوبائی وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ فضل شکور خان نے ڈیجیٹائزڈ بلنگ سسٹم کا باقاعدہ افتتاح کر دیا

صوبائی وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ فضل شکور خان نے ڈیجیٹائزڈ بلنگ سسٹم کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔
افتتاحی تقریب میں سیکرٹری پبلک ہیلتھ انجینئرنگ مسعود یونس، ایڈیشنل سیکرٹری، چیف انجینئرز اور محکمہ کے دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
پشاور(نمائندہ خصوصی)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق خیبر پختونخوا کے وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ فضل شکور خان نے محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے ڈیجیٹائزڈ بلنگ سسٹم کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب میں سیکرٹری پبلک ہیلتھ انجینئرنگ مسعود یونس، ایڈیشنل سیکرٹری، چیف انجینئرز اور محکمہ کے دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر فضل شکور خان نے کہا کہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کا روایتی بلنگ نظام اب جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے مکمل طور پر ڈیجیٹل کیا جا رہا ہے، جس سے نہ صرف شفافیت کو فروغ ملے گا بلکہ کارکردگی میں بہتری اور ریونیو میں بھی نمایاں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام صوبائی حکومت کے وژن کے مطابق ای گورننس کے فروغ اور عوام کو جدید، سہل اور مؤثر سہولیات کی فراہمی کی جانب ایک اہم سنگ میل ہے۔صوبائی وزیر نے بتایا کہ ڈیجیٹائزیشن کے پہلے مرحلے میں صوبے کے 23 میں سے 10 ڈویژنز کو ڈیجیٹائزڈ بلنگ سسٹم پر منتقل کیا جا رہا ہے، جبکہ دوسرے مرحلے میں باقی تمام ڈویژنز کو بھی جلد از جلد ڈیجیٹل نظام سے منسلک کر دیا جائے گاجن 10ڈویژن میں ڈیجیٹائزڈ بلنگ نظام متعارف کیاگیا ان میں پشاور ون اور ٹو، سوات ون اور ٹو، مردان، چارسدہ، صوابی ملاکنڈ، دیر لوئر اور ہری پور شامل ہے انہوں نے کہا کہ اس نئے نظام کے تحت واٹر سپلائی صارفین کو بروقت، درست اور شفاف بلوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی، جس سے شکایات میں کمی اور اعتماد میں اضافہ ہوگا۔فضل شکور خان نے کہا کہ صارفین کو بلوں کی ادائیگی کے لیے جدید اور آسان ذرائع فراہم کیے جا رہے ہیں۔ اب صارفین اپنے بل جاز کیش، ایزی پیسہ اور ون لنک کے ذریعے آن لائن جمع کرا سکیں گے، جس سے وقت اور وسائل کی بچت ہوگی اور ادائیگی کا عمل مزید سہل ہو جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ آئندہ ماہ مارچ سے اپنا باقاعدہ موبائل ایپ بھی متعارف کروا رہا ہے۔ اس ایپ کے ذریعے صارفین اپنے بل آن لائن دیکھ سکیں گے، ادائیگی کی تفصیلات حاصل کر سکیں گے اور اپنی شکایات بھی درج کرا سکیں گے۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ موبائل ایپ کے اجرا سے صارفین کو دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں رہے گی اور شکایات کے ازالے کا عمل مزید تیز، شفاف اور مؤثر ہوگا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ آن لائن مانیٹرنگ سسٹم کے نفاذ سے مالی امور میں احتساب کا نظام مزید مضبوط ہوگا اور بلنگ کے عمل میں انسانی مداخلت کم ہونے سے غلطیوں، بے ضابطگیوں اور بدعنوانی کے امکانات کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل بلنگ سسٹم سے نہ صرف محکمہ کی آمدن میں اضافہ ہوگا بلکہ وسائل کے بہتر استعمال کو بھی یقینی بنایا جا سکے گا۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو مزید فروغ دیا جائے گا تاکہ عوام کو معیاری، بروقت اور شفاف خدمات فراہم کی جا سکیں۔ صوبائی وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ڈیجیٹل نظام کے نفاذ کے دوران صارفین کی مکمل رہنمائی، آگاہی مہم اور عملے کی تربیت کو یقینی بنایا جائے تاکہ نظام کی کامیابی اور مؤثر عملدرآمد ممکن بنایا جا سکے۔ڈیجیٹائزڈ بلنگ سسٹم کے افتتاح سے قبل صوبائی وزیر کو نظام کی خصوصیات، ڈیٹا مینجمنٹ، آن لائن مانیٹرنگ اور ادائیگی کے طریقہ کار سے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔ انہیں بتایا گیا کہ نئے نظام کے ذریعے بلنگ ریکارڈ محفوظ، منظم اور با آسانی قابلِ رسائی ہوگا۔صوبائی وزیر فضل شکور خان نے اس اقدام کو محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ میں ای گورننس کے فروغ اور شفاف طرزِ حکمرانی کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت عوام کو سہولیات کی فراہمی کے لیے جدید اصلاحات کا عمل جاری رکھے گی انہوں نے نئے بلنگ نظام کی کامیابی میں عوام سے بھی درخواست کی کہ وہ محکمہ کے اس اچھے اقدام میں حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔



