راولپنڈی : ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی محمد افضل مجوکہ نے نجی ٹی وی

راولپنڈی : ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی محمد افضل مجوکہ نے نجی ٹی وی چینل کے رپورٹر پر مسلح افراد کے ہمراہ حملہ کرے تشدد کرنے، گالیاں اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے اور دفتر کی گاڑی کو نقصان پہنچانے کے مقدمہ میں نامزد سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی محمدقاسم خان سوری کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست منظور کر لی ہے اوردرخواست گزار کو ہدائیت کی ہے کہ وہ مقدمہ کی انوسٹی گیشن کے لئے مقامی پولیس کے روبرو پیش ہونے کے ساتھ درخواست کے فیصلے تک ہر تاریخ پر اصالتاََ عدالت میں پیش ہوں عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 5جولائی کو مقدمہ کا ریکارڈ طلب کر لیا ہے عدالت نے درخواست گزار کو30ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ہے تھانہ نصیر آباد پولیس نے نجی ٹی وی چینل کے رپورٹر ادریس عباسی کی مدعیت میں یکم جولائی کو تعزیرات پاکستان کی دفعات506-ii،427اور342کے تحت مقدمہ نمبر269درج کیا تھا مقدمہ کے متن کے مطابق قاسم خان سوری اور ان کے ہمراہ مسلح افراد نے بھاٹہ چوک مویشی منڈی کے باہرپیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی کے دوران مذکورہ صحافی کی دفتر کی گاڑی کو زبردستی روک کر غلیظ گالیاں دیں اور تشدد کرتے ہوئے گاڑی کی ونڈ سکرین بھی توڑ دی اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے ہوئے فرار ہو گئے قاسم خان سوری نے عدالت میں قبل از گرفتاری ضمانت کے لئے دائردرخواست میں موقف اختیار کیا کہ مقدمہ کے مدعی کا معاملہ پولیس کے ساتھ تھا جبکہ درخواست گزار کو بے بنیاد طور پرمقدمہ میں نامزد کیا گیا حالانکہ درخواست گزارکا ایسے کسی واقعہ سے کوئی تعلق نہ ہے اس طرح اس مقدمہ کا کوئی سر پیر نہ ہے جبکہ درخواست گزار کے اس واقعہ میں ملوث ہوناثابت بھی نہیں ہوتا درخواست میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار ملک کی بڑی سیاسی جماعت تحریک انصاف بلوچستان کا صدر ہے او ر 1996سے اب تک بہترین سیاسی کیریئر کا حامل ہے جس نے ہمیشہ پاکستان عوام سمیت ہر طبقے کے حقوق کی پاسداری کی جبکہ درخواست گزار قومی اسمبلی کا ڈپٹی سپیکر بھی رہ چکا ہے اور عزت دار گھرانے سے تعلق ہے جبکہ مدعی کی ایما پر مقامی پولیس اسے گرفتار کرنا چاہتی ہے جس سے درخواست گزار کی ساکھ متاثر ہونے کا خدشہ ہے ہفتہ کے روز درخواست کی ابتدائی سماعت کے بعد عدالت نے 30ہزار روپے کے مچلکوں پرضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست منظور کرلی تاہم قاسم سوری نے عدالت سے استدعا کی کہ وہ 30ہزار روپے نقدبطورشورٹی عدالت میں جمع کرانا چاہتے ہیں عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے شورٹی جمع کرانے کی اجازت دے دی۔
رپورٹ : راولپنڈی افتخار خٹک سے



