دینہ (ملک ندیم عباس) میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران پانچ سو سے زائد گھرانے بے گھر اور بے روزگار

دینہ (ملک ندیم عباس) میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران پانچ سو سے زائد گھرانے بے گھر اور بے روزگار ہو گئے، جو دینہ کی تاریخ میں ایک افسوسناک واقعہ ہے۔ سبزی منڈی کے انہدام نے نہ صرف سینکڑوں چولہے ٹھنڈے کر دیے بلکہ سینکڑوں خاندانوں کے روزگار کا ذریعہ بھی ختم کر دیا۔
انتظامیہ نے سروس روڈ سے ملحقہ خالی جگہ پر قائم سبزی منڈی کو بھی تجاوزات کے زمرے میں شامل کرتے ہوئے مسمار کر دیا، حالانکہ یہ سبزی منڈی بلدیہ دینہ کے تحت ہی قائم کی گئی تھی۔ انتظامیہ ہر ماہ چھ لاکھ روپے کرایہ وصول کرتی رہی، جو بلدیہ کے اکاؤنٹ میں جمع ہوتا تھا۔ اس کے باوجود، منڈی کو گرانے کا فیصلہ کیا گیا، جس پر سوالیہ نشان اٹھتا ہے کہ اگر یہ تجاوزات تھی تو بلدیہ نے اسے قائم کیوں کیا؟
سبزی منڈی کے مالکان نے انتظامیہ کو عدالتی سٹے آرڈر پیش کیا، لیکن انتظامیہ نے اسے ماننے سے انکار کرتے ہوئے کارروائی جاری رکھی۔ اس اقدام نے پانچ سو سے زائد خاندانوں کے روزگار کو ختم کر دیا۔
دینہ کے عوام کا کہنا ہے کہ بااثر افراد کی جانب سے کی گئی تجاوزات اب بھی برقرار ہیں، لیکن انتظامیہ ان کے خلاف کارروائی کرنے سے گریزاں ہے۔ اس سے عام شہریوں کے ساتھ ناانصافی اور امتیازی سلوک کا تاثر مزید گہرا ہو رہا ہے۔ جیسا کہ پولیس چوکی جو کہ سڑک پر قائم ہے اور عدالتی فیصلے کے مطابق کوئی بھی عوامی سہولت پہنچانے والی بلڈنگ جو روڈ پر واقع ہے غیر قانونی ہے۔ اسی پولیس چوکی کے عین عقب میں اور پوسٹ آفس کی باؤنڈری وال کے درمیان با اثر تجاوز کو پیمائش کے کھاتے میں ڈال کر درگزر کر دیا۔منگلا روڈ اور مین بازار دائیں جانب پانچ پانچ فٹ تک تجاوز با اثر دوکاندار یا چمک ، میونسپل بس اسٹینڈ جو روڈ پر ہے بااثر ٹھیکیدار، ذائقہ ریسٹورنٹ کے سامنے کھدائی مگر الماز پلازہ بااثر ،اسپائر کالج با اثر غلہ منڈی کے ساتھ کمرے با اثر بے چارے منڈی والے کرائے کی مد میں کروڑ روپے جمع کروا کر بے اثر۔
سبزی منڈی کے انہدام کے بعد نہ صرف سینکڑوں لوگ بے روزگار ہو گئے بلکہ دینہ کے عوام کو سبزیوں اور دیگر اشیاء کی خریداری میں بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع مزید کم ہو گئے ہیں، جس سے شہریوں میں بے چینی بڑھ رہی ہے۔
• اگر سبزی منڈی تجاوزات تھی تو بلدیہ نے اسے قائم کیوں کیا؟
• عدالت کے سٹے آرڈر کے باوجود انتظامیہ نے منڈی کو کیوں مسمار کیا؟
• بااثر افراد کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کی گئی؟
دینہ میں تجاوزات کے خلاف آپریشن نے ایک بڑا انسانی المیہ پیدا کر دیا ہے۔ انتظامیہ کو اس معاملے پر وضاحت دینی چاہیے اور بے روزگار ہونے والے خاندانوں کے لیے متبادل انتظامات کرنے چاہئیں۔ بصورت دیگر، یہ کارروائی عوامی غصے اور بداعتمادی کو مزید ہوا دے سکتی ہے۔




