کالم/مضامین

حضرت امیر عبدالقدیر اعوان مدظلہ العالیٰ کینیڈا، امریکہ اور برطانیہ کا مصروف ترین روحانی و تربیتی دورہ مکمل

*حضرت امیر عبدالقدیر اعوان مدظلہ العالیٰ کینیڈا، امریکہ اور برطانیہ کا مصروف ترین روحانی و تربیتی دورہ مکمل کر کے وطن واپس پہنچ گئے۔*

15 نومبر 2026 اسلام آباد:

شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ حضرت امیر عبدالقدیر اعوان مدظلہ العالی کینیڈا، امریکہ اور برطانیہ کا طویل اور مصروف ترین روحانی و تربیتی دورہ مکمل کرنے کے بعد اسلام آباد ایئرپورٹ پر تشریف لے آئے۔ ایئرپورٹ پر اسلام آباد راولپنڈی ڈویژن کے سالکین، متعلقین و دوست احباب کی ایک بڑی تعداد نے اپنے محبوب شیخ کا والہانہ استقبال کیا اور انہیں پھولوں کے گلدستے پیش کیے۔ حضرت جی مدظلہ العالیٰ نے استقبال کے لیے آنے والے تمام سالکین سے فرداً فرداً مصافحہ فرمایا اور محبت و شفقت سے ان کی خیریت دریافت کی۔

تفصیلات کے مطابق حضرت امیر عبدالقدیر اعوان مدظلہ العالیٰ کے اس بین الاقوامی روحانی و تربیتی دورے کا آغاز کینیڈا سے ہوا، جہاں 9 اکتوبر کو جامع اسلامیہ (مسس ساگا) میں پہلا پروگرام منعقد ہوا۔ جامع اسلامیہ میں جمعۃ المبارک کے خطاب میں آپ نے فرمایا کہ جہاں قانون کی پاسداری ہوتی ہے وہاں انسان اپنی مرضی نہیں کرتا، اور بے چینی کی بڑی وجہ یہ ہے کہ ہم اپنی پسند کو ترجیح دیتے ہیں، جبکہ ہوتا وہی ہے جو اللہ کریم چاہتے ہیں۔ اس کے بعد 11 اکتوبر کو ایجیکس کے اوڈلی ریکریشن سنٹر اور 12 اکتوبر کو برامپٹن میں روحانی پروگرامز منعقد ہوئے۔ ایجیکس میں "سکونِ قلب کانفرنس” سے خطاب کرتے ہوئے آپ نے فرمایا کہ سکھ اور سکون دماغ کا نہیں بلکہ دل کا معاملہ ہے اور حقیقی سکون صرف اللہ کے ذکر سے نصیب ہوتا ہے؛ بندہ مومن ہر حال میں اللہ کی رضا میں راضی رہتا ہے، پریشانی میں صبر اور خوشی میں شکر کرتا ہے۔
کینیڈا کے پروگرامات کی تکمیل کے بعد آپ امریکہ تشریف لے گئے، جہاں آپ نے ملک کے ایک سرے سے دوسرے سرے تک طویل سفر کیے۔ سان فرانسسکو کی اے ایم ایل مسجد میں جمعۃ المبارک کے خطاب میں آپ نے روزِ قیامت کی سختی اور اتباعِ رسالت ﷺ کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور خود احتسابی کی تلقین کی۔ شکاگو میں قونصل خانہ پاکستان اور سبیل سینٹر کے اشتراک سے سیرتِ طیبہ ﷺ کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں آپ مہمانِ خصوصی تھے؛ اس موقع پر پروفیسر مارشیا ہینسن اور پروفیسر انعام الحق نے بھی خطابات کیے، ڈاکٹر منیر چوہدری نے حلال سرٹیفکیشن کے کام پر روشنی ڈالی اور قونصل جنرل زمان مہدی نے مقررین کا خیرمقدم کیا۔ یکم نومبر کو ہیوسٹن کے کراچی ریسٹورنٹ میں "پیس آف ہارٹ” پروگرام منعقد ہوا، جس کا اہتمام شہید فیض صاحب اور عاصم ذکریا صاحب نے کیا تھا اس پروگرام میں آپ نے ذکرِ الٰہی کی تین صورتوں عملی، لسانی اور قلبی ذکر کی وضاحت فرمائی۔ امریکہ کے اس دورے کے دوران لاس ویگاس میں بھی روحانی پروگرام منعقد ہوا، جبکہ واشنگٹن سے آپ نے ویڈیو لنک کے ذریعے مرکز دارالعرفان منارہ پاکستان کے دو روزہ ماہانہ روحانی اجتماع سے بھی خطاب فرمایا۔

میری لینڈ میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے آپ نے قرآنِ کریم کی عظمت اور اس کی آفاقی تعلیمات پر روشنی ڈالی اور فرمایا کہ قرآنِ کریم اللہ تعالیٰ کا کلام اور انسانیت کے لیے ہدایت و بشارت کا سرچشمہ ہے؛ اس سے حقیقی استفادے کے لیے ضروری ہے کہ انسان محض تلاوت تک محدود نہ رہے بلکہ اس کے پیغام کو سمجھے اور اپنی زندگی میں اس پر عمل کرے۔ آپ نے نماز و سجدے کی حقیقی روح، زکوٰۃ کے معاشرتی نظام، آخرت کی جواب دہی اور رشتوں کے حقوق پر بھی توجہ دلائی اور والدین کو اپنی اولاد کی دینی و اخلاقی تربیت کی تلقین کی۔ آخر میں آپ نے حاضرین کے لیے دعا فرمائی کہ اللہ تعالیٰ سب کو قرآنِ کریم سمجھنے، اس پر عمل کرنے اور اپنی زندگیوں کو اس کی تعلیمات کے مطابق ڈھالنے کی توفیق عطا فرمائے۔

دورے کے آخری مرحلے میں آپ برطانیہ تشریف لے گئے، جہاں 14 نومبر 2026ء کو سالانہ "سراجاً منیرا کانفرنس یو کے 2026” غوثیہ گروو روڈ ہال، والتھم اسٹو، لندن میں منعقد ہوئی۔ کانفرنس میں حضرت امیر عبدالقدیر اعوان مدظلہ العالیٰ مہمانِ خصوصی تھے، جس کا مقصد بعثتِ نبوی ﷺ کی روشنی میں تزکیۂ نفس، ذکرِ اللہ اور قلبی اطمینان کا پیغام عام کرنا تھا۔ اپنے خطاب میں آپ نے طریقِ نسبتِ اویسیہ کے تحت برکاتِ نبوی ﷺ کے حصول پر روشنی ڈالی۔ کانفرنس میں خواتین و حضرات کی بڑی تعداد نے شرکت کی، خواتین کے لیے علیحدہ انتظامات اور طعام کا اہتمام کیا گیا تھا، اور اختتام پر امن اور امتِ مسلمہ کی خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ دورۂ برطانیہ کے دوران آپ نے مختلف شخصیات سے انفرادی ملاقاتیں بھی فرمائیں اور "اسلام چینل” کے ساتھ ایک خصوصی پروگرام بھی ریکارڈ کروایا۔

*مجموعی طور پر یہ حضرت امیر عبدالقدیر اعوان مدظلہ العالیٰ کا انتہائی مصروف ترین دورہ تھا، جس میں طویل سفر اور مسلسل روحانی تربیتی سرگرمیاں شامل رہیں۔ ان تمام پروگرامز میں کینیڈا، امریکہ اور برطانیہ میں مقیم پاکستانی و مسلم کمیونٹی کی بڑی تعداد، بشمول بزرگ، جوان، خواتین اور بچوں نے شرکت کی جس میں کثیر تعداد میں انفرادی ملاقاتیں بھی شامل تھیں ۔ حضرت شیخ المکرم نے پروگرامز کے اختتام پر ذکرِ قلبی سکھایا اور امتِ مسلمہ کے اتحاد و سربلندی اور وطنِ عزیز کی سلامتی کے لیے خصوصی دعا فرمائی۔ دورے کی تکمیل کے بعد آپ بخیر و عافیت پاکستان واپس پہنچ گئے ہیں۔*

Mehr Asif

Chief Editor Contact :03315456655 03005441090

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

I am Watching You