حالیہ پاک بھارت جنگ ”معرکہ حق” میں افواجِ پاکستان کی شاندار فتح کے بعد ”معرکہ حق“ نمائش کا انعقاد

*حالیہ پاک بھارت جنگ ”معرکہ حق” میں افواجِ پاکستان کی شاندار فتح کے بعد ”معرکہ حق“ نمائش کا انعقاد*
*نمائش میں فن پاروں، پینٹنگز، مجسمہ سازی، انسٹالیشن آرٹ اور دیگر تخلیقی اظہار کے ذریعے عسکری خدمات، قربانیوں اور حب الوطنی کے جذبے کو اجاگر کیا*
کراچی (رپورٹ: جاوید صدیقی) جامعہ کراچی کے شعبہ ویژول اسٹڈیز کے طلبہ و طالبات نے حالیہ پاک بھارت جنگ ”معرکہ حق” میں افواجِ پاکستان کی شاندار فتح کے بعد قوم کے ان عظیم محافظوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کیلئے ایک خصوصی فائن آرٹس نمائش کا انعقاد کیا۔ یہ نمائش جامعہ کراچی کے شعبہ ویژول اسٹڈیز کے گیلری ہال میں منعقد ہوئی، جس میں طلبہ نے اپنے فن پاروں، پینٹنگز، مجسمہ سازی، انسٹالیشن آرٹ اور دیگر تخلیقی اظہار کے ذریعے عسکری خدمات، قربانیوں اور حب الوطنی کے جذبے کو اجاگر کیا۔ نمائش کا عنوان ”معرکہ حق” رکھا گیا، جس میں جامعہ کراچی کے شعبہ ویژول اسٹڈیزسمیت جامعہ کراچی کے مختلف شعبہ جات کے طلباوطالبات کی جانب سے سو سے زائد فن پارے پیش کئے گئے۔ ہر تخلیق افواج پاکستان کی بہادری، حب الوطنی اور عوامی خدمت کے پہلو کو نہایت تخلیقی اور جذباتی انداز میں بیان کرتی نظر آئی۔ اس موقع پر انچارج شعبہ ویژول اسٹڈیز جامعہ کراچی سید شمعون حیدر نے کہا کہ یہ فن صرف جمالیاتی حسن کا اظہار نہیں بلکہ ایک قوم کی اجتماعی سوچ اور فکری جہت کا مظہر ہے۔ طلبہ نے نہ صرف فن کے ذریعے اظہار کیا بلکہ یہ ثابت کیا کہ قوم کا ہر فرد، خواہ وہ کسی بھی شعبے سے وابستہ ہو، اپنے محافظوں کے ساتھ کھڑا ہے۔
طلبہ کے فن پاروں میں شہداء کی تصاویر پر مبنی پورٹریٹس، جنگی مناظر کی مصوری، پاک فضائیہ و بحریہ کی سرگرمیوں پر مبنی تخلیقات، اور ایک خصوصی تھری ڈی انسٹالیشن شامل تھی، جس نے حاضرین کو بے حد متاثر کیا۔ نمائش میں جامعہ کراچی کے مختلف شعبہ جات کے طلباوطالبات کی کثیر تعداد نے حصہ لیا۔



