
جہلم: بڑھتی ہوئی ماحولیاتی آلودگی اور سموگ کے نقصانات سے آگاہی کے لئے واک کا انعقاد
جہلم( ثاقب محمود ): جہلم میں ماحولیاتی آلودگی اور سموگ کے نقصانات سے بچاؤ کے لیے ڈپٹی کمشنر میثم عباس کی زیر قیادت آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے شہریوں کو حفاظتی اقدامات اپنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سموگ اور آلودگی سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا نہایت ضروری ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے واک کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی سے کئی موذی بیماریاں پھیلتی ہیں جو معاشرے کے ہر فرد، خصوصاً بچوں کو متاثر کرتی ہیں۔ شہریوں میں آگاہی اور ماسک کے استعمال کو یقینی بنایا جائے گا۔ واک محکمہ صحت کے زیر اہتمام منعقد ہوئی، جس میں ضلعی انتظامیہ کے افسران، محکمہ صحت کے حکام اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ واک کا آغاز ڈی سی دفتر سے ہوا اور اختتام پریس کلب جہلم پر کیا گیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ پنجاب بھر میں آلودگی کو کم کرنے کے لیے حکومتی اقدامات جاری ہیں۔ ٹریفک کی آلودگی میں کمی لانے کے لیے دفاتر میں عملے کی تعداد نصف کر دی گئی ہے جبکہ سکولوں کو بھی بند کیا گیا ہے۔ واک کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر نے شہریوں میں آگاہی پمفلٹس اور ماسک بھی تقسیم کیے تاکہ وہ حفاظتی تدابیر کو اپنائیں اور آلودگی کے اثرات سے محفوظ رہ سکیں۔



