جہلم(عبدالرحمان قادری )کالا گجراں پولیس کا جسم فروشی کے اڈے پر چھاپہ، خاتون سمیت دو ملزمان

جہلم(عبدالرحمان قادری )کالا گجراں پولیس کا جسم فروشی کے اڈے پر چھاپہ، خاتون سمیت دو ملزمان گرفتار
ڈسٹرکٹ پولیس جہلم نے سماجی برائیوں کے خاتمے کے لیے کارروائیوں کا دائرہ مزید وسیع کرتے ہوئے تھانہ کالا گجراں کے علاقہ میں جسم فروشی کے مکروہ دھندے کے خلاف اہم کریک ڈاؤن کیا ہے۔ ایس ایچ او تھانہ کالا گجراں نے اپنی ٹیم کے ہمراہ خفیہ اطلاع پر کامیاب چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے ایک خاتون سمیت دو ملزمان کو گرفتار کر لیا جو مبینہ طور پر جسم فروشی کے منظم اور غیر اخلاقی دھندے میں ملوث پائے گئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار ملزمان کافی عرصہ سے اس مکروہ کاروبار میں سرگرم تھے اور شہریوں کی شکایات کے بعد ان کی نگرانی کی جا رہی تھی۔ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو حراست میں لے لیا جبکہ موقع سے شواہد بھی قبضہ میں لے لیے گئے۔ ملزمان کے خلاف تھانہ کالا گجراں میں مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ اس گھناؤنے نیٹ ورک سے جڑے دیگر کرداروں کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری نے اس کارروائی کو معاشرتی تطہیر کی جانب اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ جسم فروشی جیسے مکروہ اور اخلاق سوز دھندے میں ملوث عناصر کسی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جہلم پولیس معاشرے کو بے راہ روی، فحاشی اور جرائم کی دلدل میں دھکیلنے والے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے اور ایسے تمام غیر قانونی کاروباروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
شہری حلقوں نے کالا گجراں پولیس کی اس بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ نوجوان نسل کو تباہی کے راستے پر ڈالنے والے اس قسم کے مکروہ دھندوں کے مکمل خاتمے کے لیے مزید سخت اقدامات کیے جائیں۔




