اہم خبریںجہلم

تنظیم اساتذہ پاکستان ضلع جہلم کے زیرِ اہتمام ” ٹیچرز کنونشن” گورنمنٹ جامع ہائی سکول جہلم میں منعقد

(ثاقب محمود کشمیری)

تنظیم اساتذہ پاکستان ضلع جہلم کے زیرِ اہتمام ” ٹیچرز کنونشن” گورنمنٹ جامع ہائی سکول جہلم میں منعقد ہوا جس میں مرد و خواتین اساتذہ کرام کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔

کنونشن کا آغاز قاری عبد المجید صاحب کی تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ رانا اشفاق حیدر صدر پنجاب ٹیچرز یونین راولپنڈی ڈویژن نے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم پڑھنے کی سعادت حاصل کی ۔
سیکرٹری تنظیم ضلع جہلم ڈاکٹر محمد انور سہیل نے تنظیم کا تعارف پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ تنظیم ایک نظریاتی، علمی، فلاحی اور ہمہ گیر تعلیمی تحریک ہے جس کا میدان عمل تعلیمی دنیا بالخصوص اساتذہ کا طبقہ ہے۔ یہ گلگت اور کشمیر سے گوادر اور خیبر سے کراچی تک تمام اساتذہ کو ایک پرچم تلے جمع کرتی ہے جو اپنی اور طلبہ کی اسلامی خطوط پر تعمیر سیرت کے خواہشمند ہوں۔
یہ تنظیم اساتذہ کو ان کے حقیقی مقام سےآگاہ کرتی ہے، یہ پاکستان کی نظریاتی شناخت اور بنیاد کو مستحکم کرنا چاہتی ہے، پاکستان کو تعلیم یافتہ اور ترقی یافتہ اسلامی فلاحی ریاست بنانا چاہتی ہے، اساتذہ کو ان کے فرائض منصبی بہترین طریقے سے ادا کرنے کے قابل بناتی ہے تاکہ آئندہ نسلوں کی تربیت اسلامی خطوط پر کی جا سکے، پاکستان کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کے محافظ تیار کیے جا سکیں اور عقیدہ و عمل کے لحاظ سے مضبوط کردار کے حامل افراد تیار ہوں۔
ڈاکٹر عبد الرزاق خان نیازی سیکرٹری تنظیم صوبہ پنجاب و سیکرٹری ایجوکیٹرز ایسوسی ایشن پنجاب نے حاضرین سے نہایت فکر انگیز خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معلم کا مقام بہت بلند ہے۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو اخلاق کی تکمیل کے لیے معلم بنا کر بھیجا گیا۔ ہمیں دیکھنا چاہیے کہ کیا واقعی ہم ایک مقدس فرض کی تکمیل کر رہے ہیں یا صرف سکول کے باہر ایک بورڈ پر یہ شعر لکھ کر اس فرض کی تذلیل کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ مغرب جس اندھیرے میں ڈوبا ہوا ہے ہم بھی انجانے میں اسی گڑھے میں گرتے جارہے ہیں۔ ہماری نئی نسل اندھیروں میں بھٹک رہی ہے ۔ مغرب مسلمانوں سے ان کا ایمان، ان کا عقیدہ، ان کی شناخت، ان کا لباس، ان کی زبان غرض ہر چیز ان سے چھین کر انھیں اپنے رنگ میں رنگنا چاہتا ہے، جہاد کو دہشت گردی قرار دے دیا گیا ہے۔ پرویز ہود بھائی پاکستان میں اس جنگ کا سرغنہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ اساتذہ کرام کی بہت بڑی ذمہ داری ہے کہ اس نئی نسل کے محافظ بنیں، اس کا اخلاق و کردار سنوار کر مغرب کی فیکٹریوں کے پرزے بنانے کی بجائے جیتے جاگتے اعلیٰ کردار کے حامل نمونے تیار کریں۔
فرمان علی عباسی سیکرٹری جنرل تنظیم اساتذہ پاکستان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہماری تیس چالیس کی ملازمت کا مقصد صرف دنیا کا حصول ہے، صرف تنخواہوں اور گریڈوں کا حصول ہے اور صرف انھی کی خاطر دھرنے اور جان و مال کی قربانی کا ارادہ ہے تو یہ سخت گھاٹے کا سودا ہے ۔ ہم نے بچوں کو بھی نمبروں اور گریڈوں کے چکر میں ڈال دیا ہے اور ان کی کردار سازی کو پس پشت ڈال دیا ہے جس کا انجام بہت برا ہو گا۔ طلبہ کی کردار سازی ایک صدقہِ جاریہ ہے۔ اس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انھی کے طفیل ہمیں رزق ملتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت سکولوں میں اساتذہ بھرتی نہیں کیے جا رہے۔ تعلیم اور تعلیمی اداروں کو این جی اوز کے حوالے کرنے کا منصوبہ ہے۔ ہمیں محنت کر کے عوام کے سامنے اچھے نتائج رکھنا ہوں گے وگرنہ عوام بھی ہمارے ساتھ کھڑی نہیں ہو گی۔
رانا اشفاق حیدر صدر پنجاب ٹیچرز یونین چوہدری اللہ رکھا گروپ راولپنڈی ڈویژن نے اس خوب صورت محفل کو سجانے اور خطاب کا موقع فراہم کرنے پر تنظیم اساتذہ ضلع جہلم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری اساتذہ تعلیم کی بجائے مختلف قسم کی ذمّہ داریاں سونپے جانے پر پریشان ہیں جن کی وجہ سے طلبہ کا تعلیمی نقصان ہوتا ہے۔
راجہ محمد زبیر سینئر نائب صدر پنجاب ٹیچرز یونین پنجاب امتیاز عباسی گروپ اور سیکرٹری جنرل اگیگا ضلع جہلم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اساتذہ کرام کے حقوق کے لیے پر امن جدوجہد پر یقین رکھتے ہیں۔ انھوں نے اساتذہ کرام سے اپیل کی کہ اپنے فرائض منصبی بہترین طریقے سے پورے کریں۔
احسان الٰہی شاکر صدر ایجوکیٹرز ایسوسی ایشن ضلع جہلم نے اساتذہ کے حقوق کے لیے مل کر جدوجہد کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انھوں نے کہا کہ ایجوکیٹرز ابھی تک اپنے حقوق کے لیے عدالت کے چکر لگا رہے ہیں ۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ تمام کنٹریکٹ اساتذہ کو تاریخ تقرری سے مستقل کرے۔
مطیع الرحمٰن قاضی صدر تنظیم اساتذہ ضلع جہلم نے خطاب کرتے ہوئے تمام مرد و خواتین اساتذہ کرام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہماری بنیادی ذمّہ داری نسل نو کی تعلیم و کردار سازی ہے۔ یہ پیغمبروں کا پیشہ ہے۔ اس کے لیے ہمیں ذمّہ دار بنایا گیا ہے اگر ہم نے اپنی ذمہ داری پوری نہ کی تو دنیا تو شاید حاصل ہو جائے لیکن آخرت میں ہمارا کوئی حصہ نہیں ہو گا۔ انھوں نے جامع سکول کے ہیڈ جناب ساجد ڈار صاحب کا شکریہ ادا کیا جن کے تعاون سے اس خوبصورت ہال میں پروگرام منعقد ہو سکا اور امید ظاہر کی کہ وہ آئندہ بھی ہمارے ساتھ تعاون کریں گے۔
فرمان علی عباسی صاحب نے نئے بننے والے پانچ ارکان سے حلف لیا۔ ان کو اور دیگر تنظیموں کے رہنماؤں کو نئے سال کی ڈائریاں تحفے میں دی گئیں جبکہ تمام شرکاء کو تنظیم اساتذہ کا نئے سال کا کیلنڈر اور افکار معلم کا شمارہ دیا گیا۔
چوہدری اختر حسین ریٹائرڈ ہیڈ ماسٹر صاحب کی دعا سے پروگرام کا اختتام ہوا۔ دعا کے بعد کھانے سے شرکاء کی تواضع کی گئی ۔

Mehr Asif

Chief Editor Contact :03315456655 03005441090

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

I am Watching You