ایس سی او کے مشترکہ اعلامیہ میں تنازعات کا حل مذاکرات خوش آئند ہے:انجینئر ندیم ممتاز قریشی

ایس سی او کے مشترکہ اعلامیہ میں تنازعات کا حل مذاکرات خوش آئند ہے:انجینئر ندیم ممتاز قریشی
جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں اس سے بدامنی بڑھنے کے ساتھ جانی و مالی نقصان ہوتا ہے:چیئرمین
تیسری عالمی جنگ چھڑنے کا خطرہ، اسرائیلی جارحیت کے خلاف پوری دنیا اپنا اپنا کردار اد ا کرے:گفتگو
ملکی مفادات کے برعکس ذاتی مفادات اور پسند و ناپسند پر مبنی آئینی ترامیم کسی طور بھی قابل قبول نہیں:اظہار خیال
مسئلہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان دوریوں کی وجہ،ہندوستان مقبوضہ جموں و کشمیر پراپنا ناجائز تسلط ختم کرے
چیئر مین مستقبل پاکستان انجینئر ندیم ممتاز قریشی نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے مشترکہ اعلامیہ میں تنازعات کا حل مذاکرات اور اقتصادی تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار خوش آئند ہے،تمام ممالک اس پر عمل کریں تو جہاں دنیا بھر میں امن و امان کا قیام ممکن ہوگا وہاں غریب ممالک کو بھی آگے بڑھنے میں مدد ملے گی،جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں بلکہ اس سے بدامنی بڑھنے کے ساتھ جانی و مالی نقصان الگ سے ہوتا ہے،ہٹ دھرمی اور انا پرستی کو ایک طرف رکھتے ہوئے تمام تر تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات کی راہ اختیار کی جائے تو اس کے مثبت نتائج مرتب ہوں گے،اسرائیلی جارحیت کے خلاف پوری دنیا کو آواز بلند کرنی ہوگی کیونکہ اگر یہ اسی طرح بڑھتی رہی تو تیسری عالمی جنگ کا خطرہ ہے اس سے پہلے کہ یہ ہو افہام و تفہیم سے معاملات حل کراتے ہوئے فلسطین کو اسرائیلی دہشت گردی سے بچایا جائے جو تمام تر انسانی حقوق کو روندتے ہوئے انسانیت کے قتل عام کا مرتکب ہورہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار میڈیا نمائند گان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان دوریاں بڑھا رہا ہے ہندوستان اگر کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو تسلیم کرتے ہوئے مقبوضہ جموں و کشمیر پر اپنا ناجائز تسلط ختم کردے تو دونوں ممالک میں تعلقات استوار ہوسکتے ہیں ورنہ کشیدگی اسی طرح برقرار رہے گی۔آئینی ترامیم کے حوالے سے پو چھے گئے سوال کے جواب میں انجینئر ندیم ممتاز قریشی نے کہا کہ ذاتی مفادات اور پسند و ناپسند پر مبنی آئینی ترامیم کسی طور بھی قابل قبول نہیں ہے۔
میڈیا سیل مستقبل پاکستان
17-10-2024



