سندھ

اسلامک بینکنگ کا مستقبل نہ صرف باکستان میں بلکہ پوری دنیا میں بہت روشن ہے۔ ڈاکٹر شیخ نظام

*اسلامک بینکنگ کا مستقبل نہ صرف باکستان میں بلکہ پوری دنیا میں بہت روشن ہے۔ ڈاکٹر شیخ نظام محمد صالح یعقوبی*

*اسلامی بینکاری اور مالیاتی نظام نہ صرف مسلم دنیا بلکہ مغربی دنیا میں بھی تیزی سے فروغ پا رہا ہے۔ ڈاکٹر خالد محمود عراقی*

کراچی (رپورٹ: جاوید صدیقی) ڈاکٹر شیخ نظام محمد صالح یعقوبی نے کہا کہ اسلامک بینکنگ کا مستقبل نہ صرف باکستان میں بلکہ پوری دنیا میں بہت روشن ہے۔ عرب دنیا میں ہمارے فارغ التحصیل طلبا وطالبات کی ہر شعبہ میں مانگ ہے، آپ جس شعبہ میں بھی ہیں مہارت پیدا کریں۔ انہوں نے طلبہ سے کہا کہ وہ مہارت حاصل کریں ان کے لئے عرب ممالک میں بہت سے مواقع ہیں۔ سودی بینکاری اور اسلامی بینکاری میں بنیادی فرق ہے، اسلامی بینکاری کی بنیاد اپنے متعین معیارات پر اور غیر سودی ہے جبکہ عام بینکاری کی بنیاد سود ہے۔ اسلامک بینکنگ فلاحی اور رفاہی پراجیکٹ نہیں، بلکہ یہ اسلامی تجارت کا سود سے پاک پراجیکٹ ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ شاید اسلامک بینکنگ میں مفت میں چیزیں ملیں گی۔ اسلام میں مفت میں حاصل کرنے کے لئے زکوٰۃ، صدقات اور خیرات ماڈل ہیں۔ اسلامک بینکنگ میں ہم اس بات زور نہیں دیتے کہ آپ عربک نام استعمال کریں۔ اجارہ، مرابحہ، مشارکہ اور مضاربہ کا کسی اور زبان میں دوسرا نام ہو وہ بھی آپ دے سکتے ہیں لیکن اس کی حقیقت تبدیل نہ ہو۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسند سیرت جامعہ کراچی کے زیر اہتمام اور شعبہ عربی و شعبہ معاشیات کے اشتراک سے چائنیز ٹیچرز میموریل آڈیٹوریم جامعہ کراچی میں منعقدہ سیمینار بعنوان”جدید اسلامی بینکاری میں پیغمبرانہ اصول اور اخلاقی بنیادیں: عرب ممالک میں مستقبل کے رجحانات اور ملازمت کے مواقع” سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شیخ نظام محمد صالح یعقوبی نے مزید کہا کہ عالمی بینک، آئی ایم ایف و دیگر تمام بین الاقوامی مالیاتی ادارے خوب اچھی طرح اسلامک بینکنگ اور ان کے اسٹینڈرڈز کو سمجھتے ہیں اور انہیں اس حساب سے دیکھا جاتا ہے۔ ہمیں اسلامک بینکنگ میں حکومتی سطح پر بھی کوئی مشکل پیش نہیں آتی۔ انہوں نے بحرین میں اسلامک بینکنگ کی ابتدا پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ کس طرح وہاں کے مسلمانوں نے امیر بحرین سے درخواست کی اور وہاں اسلامک بینکنگ کی شروعات ہوئیں۔ کنگ آف بحرین نے اجازت نامہ دیا اور کہا کہ یہ تو اچھی بات ہے کہ آپ کے ملک میں انویسمنٹ آئی گی اور اسلامک طریقے سے ہوگی تو اس کی تو حوصلہ افزائی کرنی چاہئے اور اس طرح عمومی ضابطوں سے ہٹ کر ہمیں کام کرنے کی اجازت دی اور آج بہت بڑا شعبہ بن گیا ہے۔ اس موقع پر جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ اسلامی بینکاری اور مالیاتی نظام نہ صرف مسلم دنیا بلکہ مغربی دنیا میں بھی تیزی سے فروغ پا رہا ہے۔ مسلم دنیا اور بالخصوص پاکستان اس حوالے سے قائدانہ کردار ادا کرسکتا ہے، جس میں دنیا بھر میں روایتی بینکاری کی جگہ مکمل اسلامی بینکاری کو اپنایا جاسکتا ہے۔ اللہ کے بنائے ہوئے اصول ہی انسانی فلاح کے لئے بہترین ہیں اور ان اصولوں پر عمل پیرا ہوکر ہی دنیا وآخرت کی کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے۔ طلبہ کو چاہئے کہ وہ اسلامی بینکار ی کے ماہرین کو پڑھیں اور ان سے سیکھیں۔ ڈاکٹر خالد عراقی نے مزید کہا کہ اسلامی بینکنگ کوئی صدقہ نہیں ہے بلکہ اسلامی بینکنگ ایک کاروباری ماڈل ہے، جو روایتی بینکنگ ماڈل سے مختلف ہے۔ بد قسمتی سے ہم بحیثیت قوم اپنی کوششوں کو ادھورا ہی چھوڑ دیتے ہیں جو افسوسناک ہے۔ کسی بھی کام کے آغاز سے قبل اس سے متعلق جانکاری حاصل کرنا ناگزیر ہے۔ ڈائریکٹر سیرت چیئر جامعہ کراچی ڈاکٹر عزیزالرحمن سیفی نے سیمینار کے آغاز میں مقررین کا تعارف کروایا اور سیمینار کے اغراض ومقاصد پر روشنی ڈالی۔ انھوں نے بتایا کہ ڈاکٹر شیخ نظام یعقوبی صرف بحرین کے نہیں بلکہ پوری دنیا کی معروف شخصیات میں سے ہیں۔ بحرین میں آپ کا ذاتی کتب خانہ ہے جو محققین کے لئے تحقیقی مرکز اور مرجع ہے۔ رجسٹرار جامعہ کراچی اور شعبہ معاشیات کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر عبدالوحید نے شیخ نظام یعقوبی کا تعارف کرواتے ہوئے کہا کہ شیخ دنیا کی معتبر جامعات ہارورڈ یونیورسٹی، ویلس یونیورسٹی یوکے، میک گل یونیورسٹی کینیڈا اور ہالینڈ کی یونیورسٹی سے تعلیم یافتہ ہیں۔ ہمارے لئے یہ اعزاز ہے کہ وہ آج ہماری جامعہ میں تشریف لائے اور شعبہ معاشیات اور شعبہ عربی کے طلبہ وطالبات اور ہمارے اساتذہ کو استفادہ کا موقع فراہم کیا۔

Mehr Asif

Chief Editor Contact :03315456655 03005441090

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

I am Watching You