جامعہ کراچی اور پاکستان بائیولوجیکل سیفٹی ایسوسی ایشن ” بی پی ایس اے ” کے مابین مفاہمتی
*جامعہ کراچی اور پاکستان بائیولوجیکل سیفٹی ایسوسی ایشن ” بی پی ایس اے ” کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط*
کراچی (رپورٹ: جاوید صدیقی) جامعہ کراچی اور پاکستان بائیولوجیکل سیفٹی ایسوسی ایشن "بی پی ایس اے” کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب گزشتہ روز وائس چانسلر سیکریٹریٹ جامعہ کراچی میں منعقد ہوئی۔ مفاہمتی یادداشت پر جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی اور صدر پاکستان بائیولوجیکل سیفٹی ایسوسی ایشن پروفیسر ڈاکٹر سعید خان نے دستخط کئے۔ جس کا مقصد جامعہ کراچی کی لیبز، کیمپس اور معاشرے میں بائیو سیفٹی، بائیو سیکیورٹی، اور رسک مینجمنٹ کے حوالے سے آگاہی کو فروغ دینا ہے۔ اس موقع پر فیکلٹی آف سائنس کے مختلف شعبہ جات کے صدور اور بائیولوجیکل ریسرچرز اور سائنٹسٹ بھی موجود تھے۔ مفاہمتی یادداشت کے مطابق جامعہ کراچی اور بی پی ایس اے نے مشترکہ طور پر حیاتیاتی سائنسدانوں اور محققین کو تربیت دینے کیلئے علمی، سائنسی، حیاتیاتی تحقیق اور تعاون کرنے پر اتفاق کیا۔
پاکستان بائیولوجیکل سیفٹی ایسوسی ایشن جامعہ کراچی میں ٹریننگ کیلئے تکنیکی مدد اور مہارت فراہم کریگی اور مشترکہ طور پر بائیو سیفٹی اور بائیو سیکیورٹی کے حوالے سے تربیت فراہم کی جائیگی۔ پاکستان بائیولوجیکل سیفٹی ایسوسی ایشن کی جانب سے جامعہ کراچی کے فیکلٹی ممبران کو انٹرنیشنل فیڈریشن فار بائیو سیفٹی ایسوسی ایشن کے سرٹیفیکیشن امتحان میں تربیت حاصل کرنے کیلئے سہولت فراہم کرنے کی پیشکش بھی کی ہے۔ اس موقع پر جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ آگے بڑھنے اور ترقی یافتہ ممالک کیساتھ جڑنے اور عصرحاضر کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کیلئے تعلیمی اشتراک ناگزیر ہے۔ تعلیمی اشتراک کے بغیر ہم اپنے تعلیمی اہداف حاصل نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں میں حفاظتی اقدامات کے فوائد کو سمجھنے کے حوالے سے بتدریج اضافہ ہورہا ہے اور اب کام پر حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جارہا ہے جو خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ تربیت کیساتھ کیمپس کا عملہ، طلباء اور اساتذہ بائیو سیفٹی، بائیو سیکورٹی اور رسک مینجمنٹ کی اہمیت کے بارے میں بہت کچھ سیکھیں گے۔ پی بی ایس اے کے صدر پروفیسر ڈاکٹر سعید خان نے بتایا کہ باہمی تعاون سے دونوں ادارے کے دستیاب وسائل کو بہتر بنایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ کراچی کیساتھ مل کر پی بی ایس اے سندھ کی دیگر یونیورسٹیوں کیلئے تربیت کا انعقاد کریگا۔ انہوں نے بتایا کہ پی بی ایس اے نے کوویڈ 19 کے دوران بہترین سہولیات فراہم کی ہیں اور وبائی مرض سے پہلے انہیں جو تربیت ملی تھی اس سے ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے دوران پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے میں بہت مدد ملی۔