کھیل

تیسرا ٹی 20: ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کے 85 رنز مکمل، 3 کھلاڑی آؤٹ

تیسرے اور آخری ٹی 20 میچ میں پاکستان کے 118 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی بیٹنگ جاری ہے۔

پاکستانی ٹیم مقررہ 20 اوورز بھی پورے نہ کھیل سکی اور 19 ویں اوور میں پوری ٹیم محض 117 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز صاحبزادہ فرحان اور بابر اعظم نے کیا لیکن صاحبزادہ فرحان ایک بار پھر ناکام ثابت ہوئے اور صرف 9 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے جبکہ حسیب اللہ 24 رنز بنا کر چلتے بنے۔

دوسرے ٹی 20 میں ففٹی سکور کرنے والے عثمان خان صرف 3 رنز بنا سکے جبکہ قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا 9 گیندوں پر صرف ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

سابق کپتان بابر اعظم 41 رنز بناکر ایڈم زمپا کی گیند پر کلین بولڈ ہو کر چلتے بنے، عرفان خان نیازی کی قسمت نے ساتھ نہ دیا اور 10 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے جبکہ عباس آفریدی محض ایک رن کے مہمان ثابت ہوئے۔

پاکستان کی 116 رنز پر یکے بعد دیگر 8 ویں اور نویں وکٹ گری، شاہین آفریدی 16، جہانداد خان 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جبکہ سفیان مقیم ایک رن بنا کر جانسن کا شکار بنے۔

آسٹریلیا کی جانب سے ایرون ہارڈی نے 3، سپینسر جانسن اور ایڈم زمپا نے 2،2 جبکہ ناتھن ایلس اور بارٹلیٹ نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

شاہینوں کو آج کینگروز سے وائٹ واش سے بچنے کا چیلنج درپیش ہے، 3 میچوں کی سیریز میں آسٹریلیا کو دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔

قومی ٹیم میں آج دو تبدیلیاں کی گئی ہیں، کپتان محمد رضوان کو آخری ٹی 20 میں آرام دیا گیا ہے اور انہیں کوئی انجری نہیں ہے، رضوان کی جگہ آج کے میچ میں سلمان علی آغا کپتانی کر رہے ہیں تاہم حسیب اللہ وکٹ کیپنگ کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں جبکہ نسیم شاہ کی جگہ جہانداد خان کا ڈیبیو ہوا ہے۔

قومی ٹیم
پاکستانی پلیئنگ الیون میں کپتان سلمان علی آغا سمیت صاحبزادہ فرحان، بابر اعظم، حسیب اللہ، عثمان خان، محمد عرفان خان نیازی، عباس آفریدی، شاہین شاہ آفریدی، جہانداد خان، حارث رؤف اور سفیان مقیم شامل ہیں۔

آسٹریلوی سکواڈ
آسٹریلیا کا سکواڈ جیک فریزر، میتھیو شارٹ، جوش انگلس (کپتان)، گلین میکسویل، ٹیم ڈیوڈ، مارکس سٹوئنس، ایرون ہارڈی، زیویئر بارٹلیٹ، ناتھن ایلس، ایڈم زمپا اور سپینسر جانسن پر مشتمل ہے۔

Mehr Asif

Chief Editor Contact :03315456655 03005441090

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

I am Watching You