جامعہ کراچی: 22 شعبہ جات کی 1527 نشستوں پر داخلوں کے لئے داخلہ ٹیسٹ میں 7365 امیدواروں

*جامعہ کراچی: 22 شعبہ جات کی 1527 نشستوں پر داخلوں کے لئے داخلہ ٹیسٹ میں 7365 امیدواروں کی شرکت*
کراچی (رپورٹ: جاوید صدیقی) جامعہ کراچی کے مختلف شعبہ جات میں بی ایس (مارننگ پروگرام)، ڈاکٹر آف فارمیسی (مارننگ وایوننگ)، ڈاکٹر آف فزیکل تھراپی، بی ای اور بی ایڈ (آنرز مارننگ) پروگرام میں داخلے برائے سال 2025 ء کے لئے داخلہ ٹیسٹ بروز اتوار 17 نومبر سنہ 2024 ء کو جامعہ کراچی کے مختلف شعبہ جات میں قائم 22 امتحانی مراکز کے 177 کلاس رومز میں منعقد ہوا۔ تفصیلات کے مطابق 22 شعبہ جات کی 1527 نشستوں پر داخلوں کے لئے 7585 داخلہ فارم جمع کرائے گئے جبکہ 7365 امیدواروں نے داخلہ ٹیسٹ میں شرکت کی، داخلہ ٹیسٹ میں حاضری کا تناسب 97.09 فیصدرہا۔ قائم مقام وائس چانسلر جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر شائستہ تبسم نے رجسٹرار جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر عبدالوحید، ڈائریکٹر ایوننگ پروگرام پروفیسر ڈاکٹر عمران احمد صدیقی، پروفیسر ڈاکٹر انیلا امبر ملک، انچارج ڈائریکٹوریٹ آف ایڈمیشنز جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر صائمہ اختر، کیمپس سیکیورٹی ایڈوائرز ڈاکٹر سلمان زبیر، ناظم امتحانات جامعہ کراچی ڈاکٹر سید ظفر حسین، سینئر میڈیکل آفیسر جامعہ کراچی ڈاکٹر وفا الطاف اور میڈیکل آفیسر ڈاکٹر حسان اوج کے ہمراہ مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کیا اور انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ علاوہ ازیں طلباوطالبات اور ان کے والدین کی سہولت کے پیش نظر جامعہ کراچی کے تمام داخلی دروازوں پر پوائنٹس (بسوں) کی موجودگی کو یقینی بنایا گیا تھا جو طلبہ کو امتحانی مراکز تک پہنچانے اور واپس گیٹس تک پہنچانے کی سہولت فراہم کرتے رہے۔ داخلہ ٹیسٹ میں شرکت کرنے والے امیدواروں اور انکے والدین کی رہنمائی کیلئے ہیلپ ڈیسک کیساتھ ساتھ (واچ اینڈ وارڈ) کے عملے کو داخلی راستوں اور فیکلٹی کے اطراف تعینات کیا گیا تھا۔ میڈیکل افسر اور ان کا طبی عملہ بمعہ ایمبولینس موجود تھا۔ داخلہ ٹیسٹ کے نتائج 22 نومبر سنہ 2024 ء تک تمام امیدواروں کے پورٹل پر اَپ لوڈ کردیئے جائیں گے۔




