نارتھ ناظم آباد ٹاؤن میں عید میلاد النبی صل اللہ علیہ وسلم کی خوشیوں کے سلسلے میں جلوسوں

*نارتھ ناظم آباد ٹاؤن میں عید میلاد النبی صل اللہ علیہ وسلم کی خوشیوں کے سلسلے میں جلوسوں کا استقبال، عوامی خدمت کے لئے خصوصی کیمپ کا انعقاد*



کراچی (رپورٹ: جاوید صدیقی) عید میلاد النبی صل اللہ علیہ وسلم کے مقدس موقع پر نارتھ ناظم آباد ٹاؤن کی انتظامیہ نے چیئرمین عاطف علی خان کی قیادت میں ایک شاندار اور عوام دوست اقدام اٹھایا۔ چیئرمین نارتھ ناظم آباد ٹاؤن عاطف علی خان کی ہدایت پر حیدری کے علاقے میں عید میلاد النبی صل اللہ علیہ وسلم کے سلسلے میں نکلنے والے جلوسوں کے استقبال کے لئے ایک خصوصی کیمپ لگایا گیا، جس میں عوام کی خدمت کے لئے مختلف سہولیات فراہم کی گئیں۔ کیمپ میں عوام کو ٹھنڈے اور میٹھے شربت کا اہتمام کیا گیا تاکہ جلوس کے شرکاء گرمی سے محفوظ رہیں اور سفر کے دوران توانائی بحال کر سکیں۔ اس کے علاوہ، بچوں کے لئے بسکٹ بھی تقسیم کیے گئے، جس سے بچوں کی خوشی دوبالا ہوگئی۔ اس موقع پر کیمپ میں موجود انتظامیہ نے بھرپور انداز میں جلوس کے شرکاء کو خوش آمدید کہا اور انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی کوشش کی۔ چیئرمین نارتھ ناظم آباد عاطف علی خان نے خود کیمپ کا دورہ کیا اور شرکاء کے ساتھ ملاقات کی۔ انہوں نے عوام کو اپنے ہاتھوں سے شربت پیش کیا اور بچوں میں بسکٹ تقسیم کیے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا، "عید میلاد النبی صل اللہ علیہ وسلم ہمارے ایمان کا حصہ ہے اور اس دن کی خوشیاں بانٹنا ہماری ذمہ داری ہے۔ ہم نے اس کیمپ کے ذریعے عوام کو سہولت فراہم کرنے کی کوشش کی ہے تاکہ وہ عقیدت اور محبت کے ساتھ اپنے نبی کریم صل اللہ علیہ وسلم کا میلاد منا سکیں۔” جلوس کے شرکاء نے اس اقدام کو سراہا اور کہا کہ اس قسم کے انتظامات نہ صرف دینی جوش و خروش کو بڑھاتے ہیں بلکہ عوام کے لئے راحت اور خوشی کا باعث بھی بنتے ہیں۔ عوام کی بڑی تعداد نے کیمپ سے مستفید ہوتے ہوئے چیئرمین نارتھ ناظم آباد اور ان کی ٹیم کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اسکے علاوہ، کیمپ میں انتظامیہ کی جانب سے صفائی اور سیکیورٹی کے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے تاکہ جلوس بغیر کسی رکاوٹ اور مشکلات کے خوش اسلوبی سے اپنے مقررہ راستے پر جاری رہ سکے۔ اس موقع پر چیئرمین عاطف علی خان نے مزید کہا کہ نارتھ ناظم آباد ٹاؤن کی انتظامیہ ہمیشہ عوامی خدمت کے لئے پیش پیش رہی ہے اور مستقبل میں بھی ایسے عوام دوست اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔




