سندھ

پاکستان میں تعینات چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ کی قیادت میں وفد کا جامعہ کراچی کا دورہ

*پاکستان میں تعینات چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ کی قیادت میں وفد کا جامعہ کراچی کا دورہ*

*پاکستان کی آئی ٹی انڈسٹری نے بہت تیزی سے ترقی کی ہے اور پاکستان کا آئی ٹی ٹیلنٹ دنیا بھر میں مشہور ہے۔ چینی سفیر جیانگ زیڈونگ*

*جامعہ کراچی ایک بڑی جامعہ ہے جس میں پچاس ہزار طلباوطالبات زیر تعلیم ہیں۔ چینی سفیر جیانگ زیڈونگ*

*جامعہ کراچی جیسے تعلیمی ادارے پاکستان میں تعلیم کی آبیاری کئے بغیر نہیں رہ سکتے۔ جیانگ زیڈونگ*

*چین ہمارا قابل فخر اور بہترین دوست ہے جس نے بین الاقوامی فورمز پر ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا۔ ڈاکٹر خالد عراقی*

کراچی (رپورٹ: جاوید صدیقی) پاکستان میں تعینات چین کے سفیر جیانگ زیڈانگ کی قیادت میں گزشتہ روز کراچی میں تعینات چین کے قائم مقام قونصل جنرل ژانگ ہاؤ و دیگر آفیشل پر مشتمل وفد نے جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی، کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ برائے چینی زبان کے پاکستانی ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ناصر الدین خان و دیگر سے وائس چانسلر سیکریٹریٹ جامعہ کراچی میں ملاقات کی۔
اس موقع پر جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد عراقی نے کہا کہ چین ہمارا قابل فخر اور بہترین دوست جس نے بین الاقوامی فورمز پر ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا۔ مجھے امید ہے کہ یہ دورہ ادارہ جاتی اور عالمی سطح پر ہمارے تعلقات کو مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ شیخ الجامعہ ڈاکٹر خالد عراقی نے بتایا کہ چین کی سچوان نارمل یونیورسٹی کے ساتھ ہمارا بہت گہرا تعلق ہے اور ایک اچھے پارٹنر کے طور پر انہوں نے کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ برائے چینی زبان جامعہ کراچی کی ترقی کیلئے بہت تعاون کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کے چینی اور پاکستانی ڈائریکٹرز نے کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ برائے چینی زبان جامعہ کراچی میں تدریسی عمل، سہولیات اور معیار کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ڈاکٹر خالد عراقی نے مزید کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری پاکستانی عوام کی معاشی ترقی اور خوشحالی کیلئے ایک راستہ ہے کیونکہ یہ منصوبہ پاکستان کی اقتصادی ترقی اور اقتصادی ترقی کے حوالے سے اہم ترین منصوبوں میں سے ایک ہے۔ اگرچہ ہمیں اندرونی امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے مسائل کا سامنا ہے لیکن ہماری حکومت اور عسکری قیادت کا مکمل عزم ہے کہ ہم سی پیک کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔
اس موقع پر چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے پاک چین تعلقات اور سی پیک کی ترقی کے حوالے سے وائس چانسلر جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی کے بیانیے کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر خالد عراقی اور کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کے پاکستانی ڈائریکٹر ڈاکٹر ناصرالدین خان نے کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ برائے چینی زبان جامعہ کراچی کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ جامعہ کراچی ایک بڑی جامعہ ہے جس میں پچاس ہزار طلباوطالبات زیر تعلیم ہیں اور طلبہ کی اتنی بڑی تعداد کا کسی جامعہ میں زیر تعلیم ہونا کم ممالک میں نظر آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین نے ہمیشہ سے ایک مضبوط ملک کی تعمیر و ترقی کیلئے تعلیم اور ہنر کو ناگزیر قرار دیا۔ میرے خیال میں جامعہ کراچی پاکستان کی قومی ترقی کو فروغ دینے کلیدی کردار ادا کرے گی۔ پاکستان آنے کے بعد میں نے دیکھا کہ پاکستان کی آئی ٹی انڈسٹری نے بہت تیزی سے ترقی کی ہے اور پاکستان کا آئی ٹی ٹیلنٹ دنیا بھر میں مشہور ہے۔ چینی سفیر نے مزید کہا کہ جامعہ کراچی جیسے تعلیمی ادارے پاکستان میں تعلیم کی آبیاری کئے بغیر نہیں رہ سکتے۔ چینی حکومت جامعہ کراچی کی ترقی کیلئے مزید تعاون فراہم کرنا چاہتی ہے کیونکہ چین اور پاکستان بہت ہی اسٹریٹجک شراکت دار ہیں اور ہمارا دو طرفہ تعاون تمام پہلوؤں کا احاطہ کرتا ہے۔ جیانگ زیڈونگ نے کہا کہ پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف کے دورہ چین کے دوران، دونوں ممالک کے حکمرانوں نے تعلیمی تعاون کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا اور ہم نے آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت (اے آئی)کے شعبوں میں ٹیلنٹ کو فروغ دینے میں پاکستان کی مدد کرنے سمیت مزید اقدامات اٹھانے پربھی اتفاق کیاگیا اوراس کے ساتھ ساتھ ہم زرعی شعبے میں ہزاروں پاکستانیوں کو تربیت دینے میں بھی مدد فراہم کریں گے۔انہوں نے جامعہ کراچی کے طلبہ کے لئے اسکالر شپ میں اضافہ کا عندیہ بھی دیا۔ چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے کہا کہ ہمیں ایک دوسرے کے قیمتی تہذیب کو سیکھنا اور اس کی تعریف کرنی چاہئے، عوامی تبادلے اور باہمی افہام و تفہیم کو مزید بڑھانے اور مختلف تہذیبوں کی ترقی کو آگے بڑھانے کے لئے ہمیں مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ ہم بخوبی جانتے ہیں کہ زبان ہی تہذیب کو پھیلانے کا ذریعہ اور مختلف تہذیبوں کے مابین پل کا کردار ادا کرتی ہے۔ بعد ازاں چینی وفد نے چائنیز ٹیچرز میموریل آڈیٹوریم جامعہ کراچی اور کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ برائے چینی زبان جامعہ کراچی کا دورہ کیا۔ کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ برائے چینی زبان جامعہ کراچی کے پاکستانی ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد ناصرالدین خان نے کہا کہ کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ برائے چینی زبان جامعہ کراچی پاکستان میں چینی زبان اور ثقافت کو فروغ دینے اور پاک چین دوستی کو مزید مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کرنے کیلئے پرعزم ہے۔

Mehr Asif

Chief Editor Contact :03315456655 03005441090

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

I am Watching You