صدر مملکت اور وفاقی وزراء تنخواہ کے ساتھ پروٹوکول و دیگر مراعات نہ لینے کا بھی اعلان کریں

صدر مملکت اور وفاقی وزراء تنخواہ کے ساتھ پروٹوکول و دیگر مراعات نہ لینے کا بھی اعلان کریں:انجینئر ندیم ممتاز قریشی
اپریل تا جون 4.33 ارب ڈالر کا بیرونی قرضہ واپس کرنا ہے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کو سمجھداری سے آگے بڑھنا ہوگا:گفتگو
ملک میں رائج روایتی طرز حکمرانی کو نہ بدلا گیا تو آنے والے دنوں میں معاشی چیلنجز کم ہونے کی بجائے مزید بڑھ جائیں گے:چیئرمین
حکومت کو معاشی عدم استحکام کے خاتمے کیلئے وزرا اور مشیروں کی فوج ظفر موج کی بجائے کفایت شعاری کا عملی مظاہرہ کرنا ہوگا
چیئرمین مستقبل پاکستان انجینئر ندیم ممتاز قریشی نے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری اور وفاقی وزراء تنخواہ کے ساتھ پروٹوکول اور دیگر مراعات نہ لینے کا بھی اعلان کریں،پاکستان کے خراب ہوتے معاشی حالات کس طور بھی شاہانہ اخراجات کے متحمل نہیں ہوسکتے،رواں مالی کی آخری سہ ماہی میں 4.33 ارب ڈالر کا بیرونی قرضہ واپس کرنا ہے نومنتخب وزیر خزانہ کو سمجھداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے آگے بڑھنا ہوگا کیونکہ قومی خزانہ ہر گزرتے دن کے ساتھ خالی ہوتا جارہا ہے آخر ملک کب بیرونی قرضوں کے سہارے اسی طرح چلتا رہے گا اگر ملک میں رائج روایتی طرز حکمرانی کو نہ بدلا گیا تو آنے والے دنوں میں ملک و قوم کو درپیش معاشی چیلنجز کم ہونے کی بجائے مزید بڑھ جائیں گے۔ان خیالات کا اظہار میڈیا نمائندگان سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی اور قومی خوشحالی کا خواب زبانی کلامی دعووں اور باتوں سے شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا بلکہ اس کیلئے عملی اقدامات اٹھانے ہوں گے۔ایک سوال کے جواب میں انجینئر ندیم ممتاز قریشی نے کہا کہ حکومت کو معاشی استحکام کیلئے وزرا اور مشیروں کی فوج ظفر موج کی بجائے کفایت شعاری کو اپنائے تاکہ قومی خزانے پر مسلسل بڑھتا ہوا بوجھ کم ہو۔



