
باتسلیمات ضلعی آفیسر اطلاعات حکومت پنجاب، جہلم
جہلم : ضلعی انتظامیہ جہلم کی جانب سے انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر ضلع کونسل ہال میں سیمینار منعقد کیا گیا۔

جس کے مہمان خصوصی ممبر قومی اسمبلی چوہدری فرخ الطاف اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عمر افتخار شیرازی تھے، اس کے علاؤہ ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر واجد حسین، ڈپٹی ڈسٹرکٹ اٹارنی رانا خالد، یوتھ اسمبلی فار ہیومن رائٹس کے عہدیداران، این جی اوز سمیت دیگر تمام محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ تقریب میں بین المذاہب ہم آہنگی، آپس میں اتفاق اور محبت کے رشتوں کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا اور سانحہ سیالکوٹ کی شدید الفاظ میں مذمت بھی کی گئی۔ اس موقع پر کرسچین کمیونٹی کی جانب سے کرسمس کا کیک بھی کاٹا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ممبر قومی اسمبلی چوہدری فرخ الطاف نے کہا کہ اس دن کا مقصد بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے، انہوں نے کہا کہ فلاحی ریاست کے قیام کے لیے انسانی حقوق کی پاسداری لازمی جزو ہے، اسلام ہمیں حقوق العباد کا درس دیتا ہے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عمر افتخار شیرازی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم سب کو انسانی حقوق کے بارے میں علم ہونا چاہئے اور کون سی چیزیں ایسی ہیں جو ہمارا دفاع کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ این جی اوز انتظامیہ کو مسائل کی نشاندھی میں اپنا بھرپور تعاون کرتی ہیں، انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کے دروازے سب کے لیے کھلے ہیں، عوام اپنے مسائل کے حل کے انتظامیہ سے رجوع کریں۔



