اتفاق پریس کلب کھاریاں کا ماہانہ اجلاس، نئی تقرریوں کی منظوری

*اتفاق پریس کلب کھاریاں کا ماہانہ اجلاس، نئی تقرریوں کی منظوری*
جہلم (عبدالرحمن قادری )
اتفاق پریس کلب کھاریاں کا ماہانہ اجلاس سرپرستِ اعلیٰ پیر عبدالقیوم چشتی گولڈوی کی سرپرستی میں مرکزی دفتر، گلیانہ روڈ کھاریاں میں منعقد ہوا۔اجلاس کی صدارت صدر بہلول مرتضیٰ نے کی جبکہ نقابت کے فرائض جنرل سیکرٹری خان بختیار گل شہزاد نے انجام دیے۔ تلاوتِ کلامِ پاک کی سعادت بنارس عاجز نے حاصل کی جبکہ محمد شاہد عباس نے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں نعتِ رسولِ مقبول پیش کی اجلاس میں متفقہ طور پر قرارداد منظور کی گئی کہ وہ تمام ممبران جو مسلسل اجلاسوں سے غیر حاضر رہتے ہیں یا اپنی ماہانہ فیس بروقت جمع نہیں کرواتے، وہ جلد از جلد اپنے واجبات ادا کریں۔ مزید یہ فیصلہ کیا گیا کہ جو ممبران اتفاق پریس کلب کھاریاں کو اعتماد میں لیے بغیر صحافتی امور انجام دیں گے، ان کی,صحافتی ,سرگرمیوں کی ذمہ داری اتفاق پریس کلب پر عائد نہیں ہوگی۔
اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ جو بھی صحافی مکمل ثبوت اور حقائق کے ساتھ خبر یا رپورٹ شائع کرے گا، اتفاق پریس کلب کھاریاں اس کے ساتھ بھرپور تعاون اور حمایت کرے گا۔اس موقع پر اتفاق پریس کلب کھاریاں کے سرپرست ڈاکٹر تصور حسین مرزا نے نئے شامل ہونے والے سینئر صحافی اور چیف ایڈیٹر اصغر علی کو سینئر وائس چیئرمین مجلسِ عاملہ جبکہ سینئر صحافی وجاہت گل کو وائس چیئرمین شکایات سیل منتخب کرنے کا اعلان کیا۔ اجلاس کے شرکاء نے اس فیصلے کو متفقہ طور پر منظور کرتے ہوئے دونوں عہدیداران کو مبارکباد پیش کی۔اجلاس کے اختتام پر سید سجاد بخاری نے ملکی سلامتی، امن و استحکام اور اتفاق پریس کلب کھاریاں کی ترقی و بہتری کے لیے خصوصی دعا کرائی۔اس موقع پر شرکاء کے لیے مرکزی دفتر کی جانب سے پرتکلف ظہرانے کا بھی اہتمام کیا گیا۔





