نوابشاہ (رپورٹ انور عادل خانزادہ) زرعی پانی کی قلت کے خلاف کسانوں کا احتجاج، مہران ہائی وے بند،

نوابشاہ (رپورٹ انور عادل خانزادہ) زرعی پانی کی قلت کے خلاف کسانوں کا احتجاج، مہران ہائی وے بند، ٹریفک جام، مسافر پریشان ڈھلو مائنر سے وابستہ سینکڑوں کسانوں نے زرعی پانی کی قلت اور محکمہ آبپاشی کی مبینہ زیادتیوں کے خلاف مہران ہائی وے دوڑ پر زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا،۔ احتجاجی کسانوں کی قیادت یونین کونسل نتھیانی کے چیئرمین حاجی بلاول خان کیریو، میر حسن کیریو، ملازمین حسین زہری، حاجی محمد نواز آرائیں طارق حسین دیناری اور عبدالشکور زرداری کر رہے تھے۔ مظاہرین نے لاشاری سٹاپ پر ٹائر جلا کر روڈ بلاک کر دی جبکہ محکمہ آبپاشی کے عملے کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ محکمہ آبپاشی بااثر افراد کی ملی بھگت سے صرف منتخب لوگوں کو پانی فراہم کر رہا ہے جبکہ سینکڑوں غریب کسان پانی سے محروم ہیں جس کے نتیجے میں ہماری زمینیں بنجر، فصلیں سوکھ گئی ہیں اور ہم معاشی بدحالی کا شکار ہو چکے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ محکمہ آبپاشی کا عملہ رشوت کے بل بوتے پر پانی کی تقسیم کر رہا ہے جبکہ بارہا شکایات کے باوجود انتظامیہ نے کوئی نوٹس نہیں لیا۔ احتجاج کے باعث کراچی سے آنے والی اور سکھر جانے والی ٹریفک مکمل طور پر بند ہوگئی جس کے باعث ایمبولینس، بسیں، ٹرک اور مسافر گاڑیاں گھنٹوں سڑک پر پھنسی رہیں۔ مسافروں بالخصوص مریضوں اور خواتین کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ کاشتکاروں نے مطالبہ کیا کہ: زرعی پانی کی فراہمی فوری طور پر بحال کی جائے، محکمہ آبپاشی کے عملے کے خلاف تحقیقات کر کے ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے، پانی کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جائے۔ مظاہرین نے خبردار کیا کہ اگر ان کے مسائل حل نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ کار وسیع کیا جائے گا اور دھرنا غیر معینہ مدت تک جاری رہے گا۔ ڈی ایس پی دوڑحبیب الرحمان لاشاری ریونیو انتظامیہ سے بات کرنے کے بعد دھرنے کے مقام پر پہنچے اور ڈھلو مائنر کھول دیا جس کے بعد مظاہرین نے مہران ہائی وے سے دھرنا ختم کردیا۔



