*شعبہء اردو، جامعہ کراچی کے طلبہ اور اساتذہ کا اردو لغت بورڈ کراچی کا مطالعاتی دورہ*



*شعبہء اردو، جامعہ کراچی کے طلبہ اور اساتذہ کا اردو لغت بورڈ کراچی کا مطالعاتی دورہ*
کراچی (رپورٹ: جاوید صدیقی) جامعہ کراچی کے شعبہ اردو کی اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر ذکیہ رانی کے ہمراہ شعبہ اردو کے طلبہ اور اساتذہ نے گزشتہ روز اردو لغت بورڈ کراچی کا دورہ کیا. اس موقع پر طلبہ کو تاریخی اصول پر لغت کی ترتیب و تدوین کے مراحل سے آگاہ کیا گیا اور اردو کے بحیثیت دفتری زبان نفاذ کے سلسلے میں ادارہ فروغ قومی زبان (سابقہ مقتدرہ قومی زبان، اسلام آباد) کی خدمات سے آگاہی فراہم کی. طلبہ نے ادارے کے کتب خانے اور لغت نویسی میں استعمال ہونے والے تاریخی اہمیت کے حامل اسنادی کارڈز کا مشاہدہ بھی کیا. جامعہ کراچی شعبہ اردو کے اساتذہ ڈاکٹر ذکیہ رانی، ڈاکٹر سلمان اور ڈاکٹر شاکر نے اپنی گفتگو کے دوران طلبہ کو ادارے کی تاریخی اہمیت سے آگاہ کیا اور شعبہ ء اردو کی جانب سے اردو لغت بورڈ کا شکریہ ادا کیا کہ طلبہ کو اس مطالعاتی دورے کا موقع فراہم کیا. اردو لغت بورڈ کے انچارج طارق بن آزاد نے اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ادارہ فروغ قومی زبان پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم مظہر کی جانب سے ادارے کو بھرپور انداز میں فعال رکھنے کے لئے شروع کردہ نئے منصوبوں کی بابت بھی حاضرین کو آگاہ کیا. طلبہ و طالبات نے اردو لغت بورڈ اور لغت نویسی کے بارے میں معلومات حاصل ہونے کے بعد رضا کارانہ طور پر ادارے کے لئے اپنی خدمات پیش کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا تاکہ وہ اس عظیم ادارے میں لغت نویسی کا تجربہ حاصل کرسکیں.



