ایک کلومیٹر طویل شاہراہ پر جدید اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب – جماعت اسلامی کا اہلیان بفرزون کیلئے



*ایک کلومیٹر طویل شاہراہ پر جدید اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب – جماعت اسلامی کا اہلیان بفرزون کیلئے شاندار تحفہ*
کراچی (رپورٹ: جاوید صدیقی) جماعت اسلامی کی جانب سے عوامی خدمت کے ایک اور مثالی اقدام کے تحت بفرزون میں ایک کلومیٹر طویل شاہراہ پر جدید اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب مکمل کردی گئی۔ اس منصوبے سے علاقے میں روشنی کے بہترین انتظام کے ساتھ ساتھ شہریوں کو سفر میں آسانی اور تحفظ فراہم ہوگا۔ اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب کا افتتاح چئیرمین نارتھ ناظم آباد ٹاؤن، عاطف علی خان اور امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی، سید وجہہ حسن نے کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے رہنماؤں، علاقہ مکینوں اور معززین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عاطف علی خان نے کہا کہ جماعت اسلامی عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور ہماری کوشش ہے کہ کراچی کے شہریوں کو بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ علاقے کی ترقی اور عوامی فلاح کیلئے ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔ سید وجہہ حسن نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کراچی کو ایک روشن، محفوظ اور ترقی یافتہ شہر بنانے کیلئے عملی اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بفرزون میں جدید اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے، جس سے پورے علاقے میں رات کے وقت بھی دن کا سماں ہوگا اور شہریوں کو بہتر سفری سہولت ملے گی۔ علاقہ مکینوں نے جماعت اسلامی کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ جدید اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب سے نہ صرف علاقے کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا بلکہ جرائم کی روک تھام میں بھی مدد ملے گی۔ جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی خدمت کا یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا اور شہریوں کو مزید سہولیات فراہم کی جائیں گی۔




