نوابشاہ(بیورورپورٹ)محکمہ ورکس اینڈ سروسز شہید بینظیر آباد کی عدم دلچسپی کے سبب دوڑ شہر

نوابشاہ(بیورورپورٹ)محکمہ ورکس اینڈ سروسز شہید بینظیر آباد کی عدم دلچسپی کے سبب دوڑ شہر کے دو اہم منصوبے التواء کا شکار۔ریلوے پھاٹک پر اوور ہیڈ برج کی تعمیر اور شہر کے دو قبرستانوں کی چار دیواری کی تعمیر کے لئے کوئی کاروائی نہیں کی جارہی ہے،تفصیلات کے مطابق دوڑ ریلوے پھاٹک پر اوور ہیڈ برج کی تعمیر کے لئے پروجیکٹ منیجر پروجیکٹ امپلیمینشن یونٹ حیدرآباد،میرپورخاص ڈویل کیرج وے حیدرآباد،میرپورخاص ڈویل کیرج وے پروجیکٹ حیدرآباد کی جانب سے فزیلیٹی رپورٹ کی منظوری کے لئے کوئی کاروائی نہیں کی جارہی ہے، ویلفیئر کمیٹی دوڑ کے رہنما انور عادل خانزادہ کی درخواست پر ایگزیکٹو انجینئر پروونسشنل ہائی وے ڈویژن شہید بینظیر آباد کی جانب سے 60میل روڈ ریلوے پھاٹک نمبر06 پر اوور ہیڈ برج کی تعمیر کے لئے مورخہ22/01/2024کو پروجیکٹ منیجر،پروجیکٹ امپلیمینشن یونٹ،حیدرآباد،میرپورخاص ڈویل کیرج وے پروجیکٹ حیدرآبادکولیٹر نمبر DB/G-189/3125 کے ہمراہ فزیلٹی رپورٹ اور دیگر متعلقہ دستاویزات منظوری کے لئے ارسال کی گئی تھیں۔مگرڈیڑھ سال گزرجانے کے باوجود پروجیکٹ منیجر نے اس سلسلے میں کوئی کاروائی نہیں کی ہے اور نہ ہی ایگزیکٹو انجینئر پروونسشنل ہائی وے ڈویژن شہید بینظیر آباد کی جانب سے پروجیکٹ منیجر حیدرآباد کو یادہانی لیٹر ارسال کیا گیا، جسکی وجہ سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے،ایمرجنسی صورتحال میں پھاٹک بند ہونے کے سبب شہریوں کو گھنٹوں پھاٹک کھلنے کا انتظار کرنا پڑتا ہے،اور اس پھاٹک پر ابتک کئی حادثات بھی ہوچکے ہیں۔ویلفیئر کمیٹی دوڑ کے رہنما انور عادل خانزادہ نے بتایا کہ ریلوے پھاٹک سٹھ میل روڈ پر اوو ہیڈ برج کی تعمیر شہریوں کا دیرینہ مطالبہ ہے،کیونکہ اوور ہیڈ برج کی عدم تعمیر کے سبب شہر کی کثیر آبادی شدید مشکلات کا شکار ہے،انہوں نے اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ضلع شہید بینظیر آباد اور دیگر حکام کو درخواستیں ارسال کی ہیں،جن پر جلد از جلد اوور ہیڈ برج کی تعمیر کا مطالبہ کیا گیا ہے،دوسری جانب محکمہ ورکس اینڈ سروسز بلڈنگ ڈویژن شہید بینظیر آباد کی جانب سے دوڑ کے دو قبرستانوں کی چار دیواری کی تعمیر کے لئے بھی کوئی کاروائی نہیں کی جارہی ہے،ڈپٹی کمشنر ضلع شہید بینظیر آباد کی جانب سے دوڑ کے دو قبرستانوں کی چار دیواری کے لئے دوسال قبل ایگزیکٹو انجینئر بلڈنگ ڈویژن شہید بینظیر آبادکو لیٹر نارسال کیا گیا،جس پر ابھی تک کوئی کاروائی نہیں ہوئی ہے،دوڑ شہر کے دو قدیم قبرستان حضرت گاڑھو پیر اور حضرت مٹھو فقیر گذشتہ کئی سالوں سے چار دیواری سے محروم ہیں،جسکے سبب آوارہ جانور قبروں کی بے حرمتی کرتے نظر آتے ہیں،جبکہ قبضہ مافیا بھی قبرستان کی اراضی پر قبضے کے لئے سرگرم ہوگئی ہے، بلڈنگ ڈویژن ورکس اینڈ سروسز شہید بینظیر آباد کی جانب سے دسمبر 2019میں قبرستانوں کی چاردیواری کے لئے 88لاکھ روپے لاگت کی پی سی ون منظوری کے لئے ڈپٹی کمشنر ضلع شہید بینظیر آباد کو ارسال کی گئی،شہریوں اور سماجی کارکنوں کی شکایت پر ڈپٹی کمشنر ضلع شہید بینظیر آباد کو بلڈنگ ڈویژن ورکس اینڈ سروسز شہید بینظیر آباد کی جانب سے مالی سال 2021-2022کے ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کے لئے 24.992ملین روپے کی لاگت کی پی سی ون دوبارہ منظوری کے لئے ارسال کی گئی، مگر اسے منظور نہیں کیا گیاقبرستانوں کی چار دیواری نہ ہونے کے سبب اسکی لاگت میں بھی اضافہ ہورہا ہے،ایک سال قبل سماجی کارکن انور عادل خانزادہ نے ڈی سی شہید بینظیر آباد کو ایک بار پھر تحریری درخواست دی،جس پر ڈی سی کی جانب سے ایکسیئین بلڈنگ ڈویژن شہید بینظیر آباد کو تحریری احکامات دیئے گئے،جن پردو سال گزرجانے کے باوجود ابھی تک عمل نہیں کیا گیا ہے،شہریوں نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری،،خاتون اول رکن قومی اسمبلی آصفہ بھٹو زرداری اور صوبائی وزیر ورکس اینڈ سروسز حاجی علی حسن زرداری سے فوری کاروائی کا مطالبہ کیا ہے



