ٹنڈو جام (اسٹاف رپورٹر): سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے سوشل موبلائزیشن پروگرام کے تحت سندھ کے اضلاع میں بھی "آگاہی مہم” کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں ٹنڈو جام کے گورنمنٹ گرلز سیکنڈری اسکول( فارم) میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب کا عنوان تھا:
شاہ لطیف کی دھرتی
صاف ستھری، پاکیزہ اور مہکتی
پروگرام کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے کیا گیا۔ اسکول کے باہر آگاہی واک بھی کی گئی۔ پروگرام کے دوران ایس ایس ڈبلیو ایم بی کی ٹیم نے بچوں کو ویسٹ مینجمنٹ کے بارے میں آگاہی دی۔ بچوں اور اساتذہ نے اپنے اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔
بچوں نے تقاریر، ٹیبلوز، رول پلے، شاعری اور لطیف شناسی کی سرگرمیوں کے ذریعے پروگرام کو مزید خوبصورت بنا دیا۔
اساتذہ نے بھی صاف ستھرے ماحول کی اہمیت کو دلکش انداز میں اجاگر کیا۔
بچوں نے ویسٹ سیگریگیشن کی سرگرمی انجام دی، گیلا اور خشک کچرا الگ الگ ڈسٹ بنز میں ڈالا گیا۔ بچوں نے شجرکاری کی سرگرمی میں بھی حصہ لیا۔ وال پینٹنگ کے ذریعے حفظانِ صحت سے متعلق پیغامات پینٹ کیے گئے۔ ملی نغموں کی گونج نے پروگرام میں شامل شرکاء کے جوش و جذبے کو جِلا بخشی۔
طالبات کی جانب سے بنائے گئے فن پارے (Projects) سب کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔
