85 ارب روپے کے گندم سکینڈل پر 4 افسروں کی معطلی عوام کے ساتھ مذاق ہے:انجینئر ندیم ممتاز قریشی
آخر کب تک بڑے مگر مچھوں کو بچانے کیلئے چھوٹے اہلکاروں اور افسروں کو قربان کیا جاتا رہے گا:چیئرمین
مستقبل پاکستان قانون و انصاف کے اس دوہرے معیار پر خاموش نہیں بلکہ ہر فورم پر آواز بلند کرے گی:گفتگو
پاکستان میں موجود کرپٹ اشرافیہ ملک اور قوم کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہا ہے ان کا خاتمہ موجودہ وقت کی اہم ضرورت ہے:اظہارخیال
حکومت اور اپوزیشن مخالفت در مخالفت کی پالیسیوں کو ترک کرتے ہوئے ملک اور عوام کو درپیش مسائل کے حل کے بارے میں سوچیں
چیئرمین مستقبل پاکستان انجینئر ندیم ممتاز قریشی نے گندم سکینڈل میں 4 افسروں کے معطلی کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ لگ بھگ 85 ارب روپے کی کرپشن پر صرف چار افسروں کو معطل کرنا کہاں کا انصاف ہے،آخر کب تک بڑے مگر مچھوں کو بچانے کیلئے چھوٹے اہلکاروں اور افسروں کو قربانی کا بکرا بنا کر پیش کیا جاتا رہے گا،مستقبل پاکستان انصاف کے اس دوہرے معیار پر خاموش نہیں بیٹھے گی بلکہ کرپشن اور کرپٹ افراد کے خاتمے کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کرے گی،بیرون ممالک کی ناقص گندم عوام کے حوالے کرکے جو پاکستانی کسانوں کو نقصان پہنچایا گیا ہے اس کا ازالہ کون کرے گا،گندم سکینڈل کے حقیقی ملزمان کو قوم کے سامنے لاتے ہوئے انہیں قانون کے مطابق سزا اور اور کاشتکاروں کی داد رسی کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں موجود کرپٹ اشرافیہ ملک اور قوم کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہا ہے جب تک ان افراد کا خاتمہ یقینی نہیں بنا لیا جاتا پاکستان کسی طور آگے نہیں بڑھ پائے گا۔انجینئر ندیم ممتاز قریشی نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن مخالفت در مخالفت کی پالیسیوں کو ترک کرتے ہوئے ملک اور عوام کے بارے میں سوچنا ہوگا تاکہ مسائل و پریشانیاں جو ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھتی جارہی ہیں اُن میں کمی واقع ہو۔
