اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے ایک بار پھر سیاسی پیشن گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ 31 جولائی تک حکومتی اور اپوزیشن جماعتوں میں جھاڑو پھر جائے گا۔ چینی، آٹے اور آئی پی پیز والے سب عوام کے سامنے پیش ہوں گے۔
شیخ رشید احمد نے راولپنڈی ریلوے سٹیشن پر ٹرینوں کی آمدورفت کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹرین آپریشن جزوی طور پر بحال ہو گیا ہے۔ تاہم آن لائن ٹکٹ میں خامیاں ہیں جسے دور کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملتان، سکھر، کراچی، کوئٹہ، پشاور اور راولپنڈی سے ٹرینیں چلی ہیں۔ پوری کوشش ہے کہ ایس او پیز پر عمل ہو۔ پوری دنیا میں 70 فیصد مسافروں کے ساتھ فاصلہ رکھا گیا ہے، ہم نے 60 فیصد مسافروں کے ساتھ فاصلہ رکھا۔
وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے صرف صرف ٹی وی پر اعتراض کیا۔ خسارہ تو ہوگا مگر ریلوے عوام کی ہے، ان کی خدمت کرنی ہے، ہم نے آڑھت نہیں کرنی۔
شیخ رشید نے سیاسی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا کہ 31 جولائی تک بہت سی تحقیقات ہوں گی، جھاڑو پھرے گا۔ شہباز شریف ٹارزن بنا ہوا ہے، اس کو پتا ہے میرا نام ای سی ایل میں آ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چینی، آٹے اور آئی پی پیز والے سب عوام کے سامنے پیش ہوں گے۔