یوم تشکر کے موقع پر پاک افواج کے سپہ سالا ر حافظ سید عاصم منیرکو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ حافظ عبدالحمید عامر
جہلم میں ”یوم تشکر“ کے موقع پرتمام مساجد میں خطبا ء نے پاک افواج اور حکومت کو مبارکباد۔
جہلم (محمد زاہد خورشید)یوم تشکر کے موقع پر پاک افواج کے سپہ سالا ر حافظ سید عاصم منیرکو خراج عقیدت پیش کیا گیا، ان خیالات کا اظہار جامعہ علوم اثریہ جہلم کے مہتمم اور مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے نائب امیر حافظ عبدالحمید عامر نے جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے مزید کہا کہ 10 مئی کو بھارت کے خلاف تاریخی فتح نے پوری قوم کو متحد کر دیا ہے اور ملک کا بچہ بچہ اپنے اپنے انداز میں خوشی کا اظہار کر رہا ہے، اس عظیم کارنامے میں اللہ کے فضل کرم کے بعد پاک افواج کی پیشہ ورانہ تربیت اور جرات و بہادری کا نمایاں کردار ہے،ہمارے جوانوں نے ہندوستان کا غرور خاک میں ملا کر رکھ دیا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ افواج کے خلاف اندرونی سطح پر زہر اگلنے والے مٹھی بھرچند عناصر کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں، وہ اپنی نفرت اور اندھی محبت میں ملکی مفاد اور سا لمیت کی بھی پرواہ نہیں کر رہے، ایسے عناصر کے ساتھ جب تک سختی کے ساتھ نہ نمٹا جائے گا، تب تک وہ ملک میں عدم برداشت کی فضا کو پھیلانے کی ناکام و نامراد کوششیں کرتے رہیں گے۔نائب مدیر الجامعہ اور جنرل سیکرٹری اہل حدیث یوتھ فورس پاکستان حافظ عبدالغفور مدنی نے اپنے خطاب میں کہا کہ جنگوں میں وسائل کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا، مگر جب مومن شوق شہادت کا جذبہ لے کر میدان جنگ میں اترتا ہے اور شہید ہونے کو حیات جاودانی سمجھتا ہے تو پھر اس کا ہم پلہ کوئی نہیں ہوتا، جدید سے جدید تر ٹیکنالوجی اس کے سامنے کمزور پڑ جاتی ہے اور رافیل گرانا اس کے لیے کوئی مشکل امر نہیں ہوتا۔رئیس الجامعہ حافظ عبدالحمید عامر کی ہدایات کے مطابق جمعۃ المبارک کو جہلم بھر میں ”یوم تشکر“ کے طور پر منایا گیا۔ خطبائے جہلم کے نام پیغام دیا گیا کہ وہ آج کے خطبہ میں پاک افواج کو خراج عقیدت پیش کریں۔عوام الناس نے اس موضوع کو بے حد سراہا اور ملک کیلئے اپنے جذبات کا کھل کر اظہار کیا۔
