یوم اقبال 9 نومبر ہم سب کیلئے ایک یادگار دن ہے۔اکرام الدین
ہمیں اپنی زندگیوں میں اقبال کی فکر کو عملی جامہ پہنانا ہوگا۔معاون خصوصی وزارت اوورسیز برائے اٹلی
یورپ(انٹرنیشنل ڈیسک)غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق معاون خصوصی وزارت اوورسیز برائے اٹلی اکرام الدین نے کہا کہ یومِ اقبال، 9 نومبر، ہم سب کے لیے ایک یادگار دن ہے، جو ہمیں پاکستان کے عظیم شاعر، فلسفی، اور رہنما ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کی پیدائش کی خوشی منانے کا موقع فراہم کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال ایک ایسی شخصیت ہیں جنہوں نے اپنی شاعری، فلسفے، اور فکر انگیز خیالات کے ذریعے مسلمانوں کی فکری اور عملی زندگی میں انقلاب برپا کیا۔ اُن کا پیغام آج بھی ہر دور کے انسان کے لیے روشنی کی مانند ہے۔انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کی شاعری صرف جذباتی اشعار کا مجموعہ نہیں، بلکہ ایک مکمل فلسفہ حیات ہے۔ اُنہوں نے مسلمانوں کو خوابِ غفلت سے جگایا اور انہیں اپنے حقوق اور اپنی عظمت کا احساس دلایا۔ اُن کی فکر کا مرکز خودی اور خودشناسی ہے۔ وہ اس بات پر زور دیتے ہیں کہ انسان اپنی ذات کی پہچان کرے اور اپنی فطری صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اپنی زندگی کو بہتر بنائے۔انہوں نے کہا کہ اقبال نے ایک خود مختار اور آزاد قوم کا خواب دیکھا تھا، جو علم و حکمت سے آراستہ ہو اور اپنے معاشرتی نظام میں انصاف، بھائی چارہ، اور امن کو فروغ دے۔ اُن کی شاعری میں عشق اور عقل کا حسین امتزاج ملتا ہے۔ اُنہوں نے مسلمانوں کو خود پر اعتماد اور عمل کی طاقت کا درس دیا۔ ان کی مشہور نظم "شکوہ” اور "جوابِ شکوہ” مسلمانوں کی تاریخ اور موجودہ حالات کا ایک آئینہ ہیں۔معاون خصوصی وزارت اوورسیز برائے اٹلی اکرام الدین نے یوم اقبال کے موقع اپنے پیغام میں کہا کہ یوم اقبال پر ہمیں عہد کرنا چاہیے کہ ہم اقبال کی تعلیمات کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں گے۔ ہم محنت، لگن، اور عزم کے ساتھ اپنے معاشرے میں وہ تبدیلیاں لائیں گے جو اقبال نے اپنی شاعری میں دیکھی تھیں۔ ہمیں ان کی شاعری کو صرف کتابوں تک محدود نہیں رکھنا، بلکہ اسے اپنی زندگیوں میں شامل کرنا ہے۔اللہ پاک ہمیں علامہ اقبال کے پیغام پر عمل کرنے کی توفیق دے اور ہمیں ایک بہتر، ترقی یافتہ، اور متحد قوم بنانے کی قدرت عطا فرمائے۔ یومِ اقبال کے اس مبارک موقع پر، میں تمام اہلِ وطن کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں اور دعا کرتا ہوں کہ ہم سب مل کر اقبال کے خواب کو حقیقت کی شکل دے سکے۔
