BBC Urdu TV

یومِ عرفہ پر حجاج امتِ مسلمہ کی عظمت رفتہ کی بحالی کے لیے خصوصی دعا کریں۔(اظہر بختیار خلجی)

یومِ عرفہ پر حجاج امتِ مسلمہ کی عظمت رفتہ کی بحالی کے لیے خصوصی دعا کریں۔(اظہر بختیار خلجی)

لاہور (پ ر): یومِ عرفہ پر حجاج امتِ مسلمہ کی عظمت رفتہ کی بحالی کے لیے خصوصی دعا کریں۔ یہ بات تنظیم اسلامی کے قائم مقام
امیر اظہر بختیار خلجی نے ایک بیان میں کہی۔ اُنہوں نے کہا کہ یومِ عرفہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے انتہائی بابرکت دن ہے۔ عازمینِ حج
یومِ عرفہ کی بابرکت ساعتوں میں اللہ تعالیٰ کی کبریائی بیان کرتے ہیں اور اپنے گناہوں کی معافی کے طالب ہوتے ہیں۔ اُنہوں نے دعا کی کہ
اللہ سبحانہ و تعالیٰ تمام عازمینِ حج کی حاضری کو قبول فرمائے ، اُنہیں یومِ عرفہ کی بیش بہا برکات سے نوازے اور اُنہیں دنیا و آخرت کی تمام بھلائیاں عطا فرمائے۔ قائم مقام امیر نے کہا کہ دنیا بھر سے مسلمان بلاتفریق رنگ و نسل اور زبان و قومیت شہرِ مکہ میں جمع ہوتے ہیں تاکہ مناسک حج ادا کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ کا قرب حاصل کر سکیں۔ اُنہوں نے کہا کہ آج امتِ مسلمہ کو دعا کے ساتھ دوا کی بھی اشد ضرورت ہے۔ غزہ میں جاری مسلسل اسرائیلی درندگی کو آٹھ ماہ سے زائد گزر چکے ہیں لیکن 57 مسلمان ممالک صہیونی جارحیت کے خلاف اور فلسطینی مسلمانوں کی حمایت میں آواز بلند کرنے سے بھی خوف زدہ ہیں چہ جائیکہ اس حوالے سے کوئی عملی قدم اُٹھایا جائے۔ لہٰذا آج اللہ تعالیٰ کی تکبیر کو عملی طور پر بلند کرنے کی بھی ضرورت ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ آج مسلمانوں کی ذلت و رسوائی کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ اُنہوں نے اللہ اور اُس کے رسول ﷺ کے احکامات کو پس پشت ڈال دیا ہے اور دنیا میں کہیں بھی حقیقی اسلامی نظام نافذ نہیں۔ یومِ عرفہ کا اصل پیغام یہی ہے کہ مسلمان صحیح معنوں میں اُمت واحدہ کی صورت اختیار کریں اور رب کی دھرتی پر رب کا نظام نافذ ہو تاکہ ہمیں اللہ کی رضا اور نصرت بھی حاصل ہو سکے، دشمنانِ اسلام کو بھی دندان شکن جواب دیا جائے اور ہماری دنیا اور آخرت دونوں سنور جائیں۔

جاری کردہ
خورشید انجم
مرکزی ناظم نشرو اشاعت، تنظیم اسلامی پاکستان

Exit mobile version