الفلاح فاؤنڈیشن پاکستان سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ کی ایک زیلی فلاحی تنظیم ہے جو ملک بھر میں انسانیت کی بے لوث خدمت کے مشن پر گامزن ہے۔ یہ فاؤنڈیشن شیخِ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ و سربراہ تنظیم الاخوان پاکستان حضرت امیر عبدالقدیر اعوان مدظلہ العالی کی سرپرستی میں خدمتِ خلق کے عظیم فریضے کو انجام دے رہی ہے۔
الفلاح فاؤنڈیشن اپنے تمام فلاحی منصوبے بلا امتیاز، کسی بھی سیاسی یا فرقہ وارانہ وابستگی سے بالاتر ہو کر، صرف اور صرف اللہ تعالیٰ کی رضا اور مخلوقِ خدا کی خدمت کے جذبے سے سرانجام دیتی ہے۔ یہ ادارہ غریب اور مستحق افراد کو ان کی دہلیز پر، ان کی عزتِ نفس کو مجروح کیے بغیر فوری اور پائیدار فلاحی و طبی خدمات فراہم کرنے میں پیش پیش ہے۔
فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام باقاعدگی سے مفت میڈیکل کیمپس منعقد کیے جاتے ہیں، جہاں مریضوں کا مفت معائنہ اور ادویات فراہم کی جاتی ہیں۔ ان کیمپس میں ماہر ڈاکٹرز اور اسپیشلسٹس کی ایک بڑی ٹیم اپنی خدمات پیش کرتی ہے، جن میں چائلڈ اسپیشلسٹ، سکن اسپیشلسٹ، میڈیکل اسپیشلسٹ، نیورو سرجن، ڈینٹل سرجن، آئی اسپیشلسٹ، فزیوتھراپسٹ، ای این ٹی اسپیشلسٹ، گائنکالوجسٹ، سائیکاٹرسٹ، ڈائیبیٹولوجسٹ، فیملی فزیشن اور آرتھوپیڈک سرجن شامل ہیں۔
حالیہ مون سون بارشوں اور سیلاب کے دوران الفلاح فاؤنڈیشن نے متاثرین کی مدد کے لیے فوری طور پر امدادی مہم شروع کی۔ متاثرہ علاقوں میں امدادی ٹیمیں روانہ کی گئیں، جنہوں نے ہزاروں خاندانوں کو ان کی دہلیز پر خشک راشن، پینے کا صاف پانی، ادویات اور بے گھر افراد کے جانوروں کے لیے چارہ فراہم کیا۔
سیلاب کے بعد پھیلنے والی وبائی امراض سے نمٹنے کے لیے مختلف شہروں میں خصوصی مفت میڈیکل کیمپس لگائے گئے، جن میں سینکڑوں مریضوں کا علاج اور ادویات مفت فراہم کی گئیں۔ فاؤنڈیشن مستقبل قریب میں وسطی اور جنوبی پنجاب کے مزید متاثرہ علاقوں میں میڈیکل کیمپس کا انعقاد کرنے کا ارادہ رکھتی ہے تاکہ مصیبت کی اس گھڑی میں قوم کے دکھ درد کو بانٹا جا سکے۔
الفلاح فاؤنڈیشن پاکستان، مشکل وقت میں اپنے ہم وطنوں کے لیے ایک امید کی کرن ہے اور یہ ادارہ مستقبل میں بھی فلاحی و انسانی خدمت کے اس سفر کو مزید وسعت دینے کے لیے پرعزم ہے۔
