BBC Urdu TV

کشمیر امتِ مسلمہ کے جسم کا اٹوٹ حصہ ہے، کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے — سعد محمد مدنی

کشمیر امتِ مسلمہ کے جسم کا اٹوٹ حصہ ہے، کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے — سعد محمد مدنی

جہلم (نمائندہ خصوصی): نائب ناظمِ اعلیٰ مرکزی جمعیت اہلِ حدیث پنجاب اور مدیر امورِ داخلی جامعہ علوم أثریہ جہلم سعد محمد مدنی نے یومِ کشمیر کے موقع پر میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر محض ایک جغرافیائی تنازعہ نہیں بلکہ امتِ مسلمہ کے جسم کا ایک زندہ اور حساس حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ احادیثِ مبارکہ میں مسلمانوں کو ایک جسم سے تشبیہ دی گئی ہے، جس کے مطابق اگر جسم کے کسی ایک حصے کو تکلیف ہو تو پورا جسم اس درد کو محسوس کرتا ہے، اور آج کشمیر میں ہونے والا ظلم پوری امت کے لیے باعثِ کرب ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے ظلم، جبر، قتل و غارت، جبری گمشدگیوں اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا سامنا کر رہے ہیں، جبکہ عالمی طاقتوں کی خاموشی نہایت افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم بین الاقوامی قوانین اور انسانی اقدار کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔
سعد محمد مدنی نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری، اقوامِ متحدہ اور انسانی حقوق کے ادارے کشمیری عوام کو ان کا مسلمہ اور جائز حقِ خودارادیت دلانے کے لیے عملی اور مؤثر کردار ادا کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن ممکن نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے عوام کشمیری بھائیوں کے ساتھ دینی، اخلاقی اور تاریخی رشتے میں بندھے ہوئے ہیں اور ان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت ہر سطح پر جاری رہے گی۔
آخر میں سعد محمد مدنی نے واضح پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے کشمیری بھائیوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے اور ان کی آزادی، عزت اور سلامتی کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرتے رہیں گے۔ کشمیر کی جدوجہد پوری امتِ مسلمہ کی مشترکہ جدوجہد ہے۔

Exit mobile version