کراچی (کاشف شمیم صدیقی): ممبر صوبائی اسمبلی حلقہ 101 معید انور نے چند روز قبل ضلع شرقی میں واقع کرنال ویلفیر کالونی، جو پرانی سبزی منڈی کے قریب واقع ہے، کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے القریش برادری کے دفتر میں علاقہ معززین سے ملاقات کی۔ برادری کے سرپرست یعقوب قریشی، ذوالفقار علی قریشی، کامران قریشی، سجاد قریشی، عمران قریشی، علی قریشی، ناصر قریشی، محبوب عالم قریشی اور اکبر قریشی سمیت دیگر رہنماؤں نے ایم پی اے کو علاقے کی صورتحال سے آگاہ کیا۔
علاقہ مکینوں نے بتایا کہ کرنال کالونی کے باسی پانی کی نئی لائنوں کی کمی، بجلی کی لوڈشیڈنگ، بلاک C میں نالے کی مرمت اور صفائی، اور گلیوں میں پیور بلاک کی شدید ضرورت جیسے مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔ ان مسائل کے باعث عوام کی روزمرہ زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔
ملاقات کے بعد معید انور نے علاقے کا وزٹ کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے موقع پر ہی متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل کے فوری حل میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پانی، صفائی اور بجلی کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔
القریش کمیونٹی کے نمائندوں نے اس موقع پر امید ظاہر کی کہ معید انور کے احکامات پر جلد عملدرآمد ہوگا تاکہ عوام کو ریلیف فراہم ہو سکے۔
