کراچی (رپورٹ: جاوید صدیقی) چیف سیکرٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ نے کہا ہے کہ کراچی پریس کلب ایک تاریخی ادارہ ہے
جس نے جمہوریت کی بقا کیلئے اہم کردار ہے۔ گزشتہ روز چیف سیکرٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ نے کراچی پریس کلب دورہ کیا۔ صدر سعید سربازی و سیکرٹری شعیب احمد اور مجلس عاملہ نے انہیں کراچی پریس کلب آمد پر خوش آمدید کہا۔ چیف سیکریٹری سندھ کو صدر و سیکریٹری اور اراکین گورننگ باڈی نے سندھی اجرک اور کلب کا سوینئیر پیش کیا اور کراچی پریس کلب کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کرایا۔ اس موقع پر جوائنٹ سیکرٹری محمد منصف، ممبر گورننگ باڈی نواب قریشی، شمس کیریو، نور محمد کلہوڑو، مونا صدیقی، شعیب احمد بھی موجود تھے۔ صدر و سیکریٹری نے سالانہ گرانٹ سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ گرانٹ قسط وار کرکے دی جارہی ہے جس کی وجہ سے کراچی پریس کلب کو بہت سے مالی مسائل کا سامنا ہے لہٰذا گرانٹ کی بقیہ رقم یکمشت ادا کیجائے تاکہ مسائل پر قابو پایا جاسکے۔ چیف سیکریٹری سندھ سید آصف علی شاہ نے یقین دلایا کہ کراچی پریس کلب کی سالانہ گرانٹ کی رقم جلد ادا کردی جائیگی اور وہ اس سلسلے میں ہر ممکن اپنا کردار ادا کریں گے، صحافی کالونی ہاکس بے کے ترقیاتی کام اور سات سو نئے ممبرز کے پلاٹس سے متعلق کاغذی کارروائی کافی حد تک مکمل ہوچکی ہے اس سلسلے میں آئندہ ہفتے ہی اجلاس طلب کرکے معاملات کو حتمی شکل دیں گے۔سید آصف حیدر شاہ نے کہا کہ کراچی پریس کلب کا جمہوریت اور ملک کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ہے۔ میرا کراچی پریس کلب سے کافی پرانا تعلق ہے۔ صحافیوں کیلئے کراچی پریس کلب کی خدمات مثالی ہیں۔پریس کلب کے ہمیشہ جمہوری اداروں کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اس حوالے سے متعدد اقدامات کئے گئے ہیں۔ چیف سیکرٹری سندھ نے کہا کہ صحافی کسی بھی معاشرے کا آئینہ ہوتے ہیں۔ انکی جانب سے عوامی مسائل کی نشاندہی کی جاتی ہے۔
