میٹھے، میٹھے کیک نے بچوں کو خوب للچایا، مزے، مزے کی چیزیں کھاتے ہوئے ایک دوسرے سے ڈھیروں باتیں کی
کھیلے کودے، نظمیں پڑھیں، گیت گُنگنائے، کچھ سپنے بُنے، کچھ اندیکھے خو ابوں کو دوہرایا
کراچی : (اسٹاف رپورٹر) کمیٹی فار دی ویلفیئر آف پرزنرز(سی ڈبلیو پی) نے کراچی اور حیدرآباد کی جیل کے Early Learning Centre میں موجود بچوں کو چلڈرن ڈے منانے کا بھر پور موقع فراہم کیا۔ چلڈرن ڈے کو بچوں نے خوب انجوائے کیا، معصوم چہروں پر مسکراہٹوں نے دن بھر قبضہ جمائے رکھا، بچوں کے چہروں پر ہنسی تھی کہ تھمنے کا نام نہ لیتی تھی، ہاتھوں میں تھامے ہاتھ بچوں نے کبھی ریل گاڑی والا کھیل کھیلا، تو کبھی میوزیکل چیئر۔ پھر کھیلتے، کھیلتے بھوک ستانے لگی تو مزے، مزے کا کیک اور اسنیکس کھائے، بچے ا پنے معصومانہ انداز میں ایک دوسرے سے دیر تک باتیں کرتے رہے، ایسی باتیں جو کوئی سُنے تو بس سنتا ہی چلا جائے ۔ ۔ ۔ بڑے ہوکر کیا بننا ہے،، کیا کرنا ہے،، کل کونسا خواب دیکھا تھا،، رنگ کونسا پسند ہے،، کھانا کیا اچھا لگتا ہے ۔
اور اسی طرح کی بہت سی باتیں کرتے دن ڈھل گیا، اور شام ہوگئی، لیکن بچوں کے عزم، ہمت اور حوصلوں نے رات کی تاریکی میں نئی صبح کے اُجالوں کو تلاش کر لیا تھا۔
