BBC Urdu TV

کاٹی کا نگراں حکومت کی جانب سے صنعتوں کیلئے بجلی کی قیمت 9 سینٹ کرنے کا خیر مقدم

کاٹی کا نگراں حکومت کی جانب سے صنعتوں کیلئے بجلی کی قیمت 9 سینٹ کرنے کا خیر مقدم

توانائی کے شعبے میں گردشی قرضہ کم اور کیپسٹی چارجز ختم ہوں گے، نگہت اعوان

کراچی : (رپورٹ:عاصم ارائیں جہلمی)

کورنگی ایسو سی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کی قائم مقام صدر نگہت اعوان نے نگراں حکومت کی جانب سے صنعتوں کیلئے بجلی کی قیمت 9 سینٹ مقرر کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے صنعتوں کی پیداواری لاگت کم ہوگی اور انڈسٹری عالمی مارکیٹ میں مقابلہ کرنے کے قابل ہوگی، جس کے نتیجے میں ملک معاشی طور پر مستحکم اور ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔ قائم مقام صدر کاٹی نے کہا کہ نگراں حکومت کا صنعتوں کی بحالی اور ترقی کے اقدامات قابل تعریف ہیں اور امید ہے کہ اس اقدام سے انڈسٹریلائزیشن کو فروغ ملے گا، گیس کے استعمال میں کمی آئے گی جس سے کیپسٹی چارجز اور گردشی قرضوں کا بوجھ کم ہوگا۔ نگہت اعوان نے کہا کہ ہماری برآمدات بہت کم ہیں اور 16 سینٹ کی بجلی ملنے کے باعث درآمدات کا مقابلہ کرنے کی سکت کھو چکی تھیں۔ یہی وجہ تھی کہ ملک میں درآمدات میں اضافہ اور برآمدات میں مسلسل کمی دیکھی جا رہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ صنعتوں کو سستی اور بلا تعطل بجلی کی فراہمی کی یہ تجویز سب سے پہلے کاٹی نے دی تھی کیونکہ اس سے نہ صرف پیداوار میں اضافہ ہوگا بلکہ اضافی بجلی کی کھپت اور بلوں کی بروقت ادائیگی سے توانائی کے شعبے میں گردشی قرضہ کم اور کیپسٹی چارجز ختم ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ کورنگی سمیت دیگر صنعتی علاقوں میں پیداواری عمل بڑھے گا جس پر کاٹی اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے برآمدات میں اضافہ اور مہنگائی، افراط زر میں کمی ہوگی۔ نگہت اعوان نے حکومت سے درخواست کی کہ بجلی کی قیمت 9 سینٹ کرنے کے فیصلے پر فوری عملدرآمد کیا جائے۔

Exit mobile version