BBC Urdu TV

ڈپٹی کمشنر جہلم نے کہا ہے کہ دریائے جہلم میں سیلاب اور طغیانی کی امکانی صورتحال

ڈپٹی کمشنر جہلم راؤ پرویز اختر نے کہا ہے کہ دریائے جہلم میں سیلاب اور طغیانی کی امکانی صورتحال سے نمٹنے اور پیش بندی کے طور پر ہر ممکن حفاظتی اقدامات کے لئے تمام متعلقہ سرکاری محکمے اور ادارے اپنی تیاریاں اور انتظامات ہر لحاظ سے مکمل کریں تاکہ بوقت ضرورت ریسکیو سرگرمیوں میں کوئی رکاوٹ پیش نہ آئے

اور متاثرین سیلاب کی ہر ممکن مدد ہو سکے یہ ہدایات انہوں نے ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں جس میں ممکنہ سیلاب کے پیش نظر تمام اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں انجینئر سعید احمد ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 نے سیلابی صورتحال میں پیدا ہونے والے حالات پر بریفنگ دی۔جس میں سیلابی صورتحال میں لوگوں کو ریسکیو کرنے کے حوالے سے فلڈ سیکٹرز کی تشکیل،ریسکیوز کی سیلاب زدہ علاقوں میں تعیناتی، ہنگامی حالات میں لوگوں کو انخلا،ڈوبتے ہوئے لوگوں کو بچانے اور ان کو فرسٹ ایڈ فراہم کرنے جیسے اقدامات کا بتایا گیا۔ اجلاس میں محکمہ صحت، محکمہ آبپاشی،محکمہ تعلیم، لائیو سٹاک اور باقی تمام ضلعی اداروں نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر جہلم نے کہا کہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ساتھ ساتھ دیگر تمام اداروں کی طرف سے بھی ہر سال دریاؤں میں سیلاب اور طغیانی کے سیزن کے دوران ریسکیو آپریشن کی تیاریاں بروقت مکمل کی جاتی ہیں تاکہ جس قدر ممکن ہو سکے جانی اور مالی نقصانات کو روکا جا سکے انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے انتظامیہ کے افسران اور دیگر متعلقہ محکموں اور اداروں کے افسران کو بھی ہدایات جاری کی جاچکی ہیں انہوں نے کہا کہ سلاب کی اطلاع دینے والے مراکز سے رابطے دریا کے کنارے اور نشیبی علاقوں میں آباد مکینوں کو بروقت آگاہ کرنے اور متاثرین تک خوراک اور ہنگامی طبی امداد پہنچانے سے متعلق ادارے اپنا ورکنگ پلان تیار رکھیں تاکہ بوقت ضرورت ہنگامی اقدامات میں کوئی کوتاہی نہ ہو۔

رپورٹ:چوہدری ماجد حسین ڈپٹی بیورو چیف جہلم

Exit mobile version