ڈپٹی کمشنر جہلم نعمان حفیظ کی زیر صدارت للہ تا جہلم ڈیول کیرج وے پر جاری کام کی رفتار کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔
جس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اشتیاق احمد، ایف ڈبلیو او کے نمائندہ کرنل شاکر، ایکسین ہائی وے قمر احمد اور ایکسین بلڈنگز نے شرکت کی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ نے بریفننگ دیتے ہوئے بتایا کہ منصوبے کے تین حصوں پر کام جاری ہے، پہلے حصے میں للہ انٹرچینج سے پنڈدادنخان شامل ہے جس کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جا رہا ہے، فنڈز کے درپیش مسائل کی وجہ سے سٹرک کی تعمیر تاخیر کا شکار تھی، فنڈز کی دستیابی کے بعد منصوبے پر کام تیزی سے جاری ہے اور جلد تین حصوں پر مشتمل 44 کلومیٹر سڑک کو رواں مالی سال میں مکمل کر لیا جائے گا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نعمان حفیظ نے کہا کہ جہلم کی عوام بالخصوص تحصیل پنڈدادنخان کی عوام کے مسائل کا باخوبی علم ہے ، اسی لیے چارج سنبھالنے کے بعد سب سے پہلا اجلاس اس منصوبے پر جاری کام کی رفتار کا جائزہ لینے کے لیے طلب کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے میں حائل روکاوٹوں کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا رہا ہے، عوامی منصوبوں کو بروقت پایا تکمیل تک پہنچائیں گے تاکہ عوام ان سے مستفید ہو سکیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اس منصوبے کو جتنی جلدی ہو سکے مکمل کیا جائے گا ، تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ رابطے میں ہیں، منصوبے کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے گا۔
