چیئرمین مستقبل پاکستان کی کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر خود کش دھماکے کی پُر زور الفاظ میں مذمت
بلوچستان میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی لمحہ فکریہ اور صوبائی حکومت کی ناکامی ہے:انجینئر ندیم ممتاز قریشی
کالعدم تنظیم کے دہشت گرد بم دھماکوں اور ٹارگٹ کلنگ کے ذریعے بے گناہ انسانوں کو قتل کررہے ہیں:گفتگو
اب وہ وقت آن پہنچا ہے کہ بلوچستان کا امن تباہ کرنے والوں کو منہ توڑ جواب اور اُن کا خاتمہ کیا جائے:چیئرمین
بلوچستان میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی کے پیچھے بھارت کے کردار کو کسی طور بھی فراموش نہیں کیا جاسکتا:اظہار خیال
بلوچستان کی محرومیو ں،مسائل کے حل اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے صوبائی اور وفاقی حکومت کو مل کر آگے بڑھنے ہوگا
چیئرمین مستقبل پاکستان انجینئر ندیم ممتاز قریشی نے کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر خود کش دھماکے میں 2 درجن سے زائد انسانی جانوں کے ضیاع اور متعدد مسافروں کے زخمی ہونے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں پے درپے دہشتگردانہ کارروائیا ں جہاں لمحہ فکریہ ہیں وہاں صوبائی حکومت کی ناکامی کا بھی منہ بولتا ثبوت ہیں،بلوچ لبریشن آرمی کے دہشت گرد بم دھماکوں اور ٹارگٹ کلنگ کے ذریعے معصوم و بے گناہ انسانوں کا قتل عام کررہے ہیں مگر ان کے خلاف کارروائی کی بجائے زبانی کلامی مذمتوں اور اظہار افسوس سے کام چلایا جارہا ہے،اب وقت آن پہنچا ہے کہ بلوچستان کا امن تباہ کرنے والوں کو منہ توڑ جواب دیتے ہوئے ان کا خاتمہ یقینی بنایا جائے تاکہ ان کے ناپاک عزائم خاک میں مل سکیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کی زندگیوں اور املاک کا تحفظ یقینی بنائے، لیکن بدقسمتی سے بلوچستان کی حکومت اس معاملے میں مکمل طور پر ناکام نظر آتی ہے ہر واقعے کے بعد محض بیانات دیے جاتے ہیں مگر عملی اقدامات کہیں نظر نہیں آتے بلکہ ڈنگ ٹپاو پالیسیوں کے سہارے آگے بڑھا جارہا ہے۔انجینئر ندیم ممتاز قریشی نے کہا کہ بلوچستان میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی کے پیچھے بھارت کے کردار کو کسی طور فراموش نہیں کیا جاسکتا کیونکہ وہ گزشتہ کئی دہائیو ں سے بلوچستان تقسیم کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔انہوں نے کہا کہ قدرتی وسائل سے مالا مال صوبہ بلوچستان کی محرومیوں،مسائل کے حل اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے صوبائی اور وفاقی حکومت کو مل کر آگے بڑھنے کی ضرورت ہے تاکہ ملک دشمن قوتوں کو منہ توڑ جواب دیا جاسکے اور بلوچستان میں امن و امان کا قیام حقیقی معنوں میں ممکن ہو۔
میڈیا سیل مستقبل پاکستان
09-11-2024
