*چئیرمین نارتھ ناظم آباد ٹاؤن کی ہدایت پر بارش کے بعد سڑکوں کی فوری مرمت کا آغاز*
کراچی (رپورٹ : جاوید صدیقی) نارتھ ناظم آباد ٹاؤن کے چئرمین عاطف علی خان نے حالیہ بارشوں کے بعد علاقے کی اندرونی سڑکوں کی مرمت کیلئے فوری اقدامات اٹھانے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بارش کے بعد سڑکوں کی خراب حالت شہریوں کیلئے مشکلات کا سبب بن سکتی ہے، اس لئے فوری مرمت کا عمل ناگزیر ہے۔ ان احکامات کے بعد ٹاؤن کے بی اینڈ آر ڈپارٹمنٹ نے فوری طور پر متحرک ہوکر نارتھ ناظم آباد، بفرزون، اور شادمان سمیت تمام علاقوں میں سڑکوں کی لیولنگ اور ڈریسنگ کا کام شروع کردیا ہے تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات کا ازالہ کیا جاسکے۔ چئرمین عاطف علی خان نے مزید کہا کہ علاقے کی سڑکوں کی بہتری کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں، اور اس کام کو جلد از جلد مکمل کیا جائیگا تاکہ شہریوں کو آمد و رفت میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔ انہوں نے متعلقہ محکمے کو ہدایت کی کہ وہ سڑکوں کی مرمت کے دوران معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کریں اور یہ یقینی بنائیں کہ سڑکیں دوبارہ خراب نہ ہوں۔ انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ مرمت کے دوران ٹاؤن انتظامیہ سے مکمل تعاون کریں تاکہ کام کو بروقت اور موثر طریقے سے مکمل کیا جاسکے۔ عوام سے گزارش کی جاتی ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی شکایات یا معلومات کیلئے ٹاؤن انتظامیہ سے رابطہ کریں تاکہ انکے مسائل کا فوری حل نکالا جاسکے۔
