*چئیرمین نارتھ ناظم آباد ٹاؤن عاطف علی خان کا حیدری مارکیٹ کا تفصیلی دورہ*
کراچی (رپورٹ: جاوید صدیقی) چئیرمین نارتھ ناظم آباد ٹاؤن عاطف علی خان نے حیدری مارکیٹ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مارکیٹ کے اطراف جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انکے ساتھ حیدری جیولرز ایسوسی ایشن کے صدر سید فراز احمد اور حیدری آل بزنس ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے صدر سمیت دیگر نمائندگان بھی موجود تھے۔ دورے کے دوران بزنس کمیونٹی نے چئیرمین عاطف علی خان کی قیادت میں نارتھ ناظم آباد میں جاری ترقیاتی کاموں کو سراہا اور انہیں علاقے کی تعمیر و ترقی کیلئے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ کمیونٹی رہنماؤں نے کہا کہ چئیرمین کیجانب سے جاری ان منصوبوں نے نہ صرف علاقے کی خوبصورتی میں اضافہ کیا بلکہ کاروباری سرگرمیوں کو بھی فروغ دیا ہے۔ چئیرمین عاطف علی خان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا، نارتھ ناظم آباد کے شہریوں کی زندگیوں میں آسانی پیدا کرنا اور انکے مسائل حل کرنا میری اولین ترجیح ہے۔ حیدری مارکیٹ سمیت پورے ٹاؤن میں ترقیاتی کاموں کا مقصد کاروباری برادری اور عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ علاقے کے تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے دن رات کام کر رہے ہیں اور بزنس کمیونٹی کا تعاون ان کیلئے حوصلہ افزا ہے۔ حیدری جیولرز ایسوسی ایشن کے صدر سید فراز احمد نے کہا کہ چئیرمین کے اقدامات کی بدولت حیدری مارکیٹ ایک بار پھر اپنی سابقہ شناخت حاصل کررہی ہے۔ آل بزنس ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے صدر نے بھی چئیرمین کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انکے اقدامات کاروباری برادری کے اعتماد کو بحال کررہے ہیں اور علاقے میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ کا ذریعہ بن رہے ہیں۔ ترقیاتی کاموں کے حوالے سے عوامی اور کاروباری برادری نے چئیرمین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہیں اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا اور اس امید کا اظہار کیا کہ نارتھ ناظم آباد کے تمام علاقے انکی قیادت میں مزید ترقی کریں گے۔
