BBC Urdu TV

پی ایس ایل :علی ترین ایک بار پھر ملتان سلطانز خریدنے کے خواہشمند

پی ایس ایل :علی ترین ایک بار پھر ملتان سلطانز خریدنے کے خواہشمند۔

ملتان سلطانز نہ صرف ایک مضبوط ٹیم ہے بلکہ جنوبی پنجاب کے عوام کی جذباتی وابستگی بھی اس فرنچائز سے جڑی ہوئی ہے۔علی ترین

لاہور(نمائندہ نادیہ تبسم)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز ملتان سلطانز کے سابق مالک علی ترین ایک بار پھر ٹیم خریدنے کے خواہشمند نظر آرہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق علی ترین نے ملتان سلطانز کے حقوق کی دوبارہ نیلامی میں حصہ لینے کا فیصلہ کر لیا ہے اور اس سلسلے میں باضابطہ طور پر اپنی دستاویزات بھی جمع کرا دی ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل انتظامیہ کی جانب سے ملتان فرنچائز کی متوقع بڈنگ کے لیے مختلف سرمایہ کاروں اور کاروباری گروپس نے دلچسپی ظاہر کی ہے، جن میں علی ترین کا نام نمایاں ہے، علی ترین اس سے قبل بھی ملتان سلطانز کے مالک رہ چکے ہیں اور ان کے دورِ ملکیت میں ٹیم نے پی ایس ایل کا ٹائٹل جیت کر نمایاں کامیابی حاصل کی تھی، جس کے باعث شائقین کرکٹ میں ان کی واپسی کو خاصی اہمیت دی جا رہی ہے۔واضح رہے کہ علی ترین نے کچھ عرصہ قبل ملتان سلطانز کی ملکیت برقرار رکھنے سے انکار کر دیا تھا اور پی ایس ایل میں شامل کی جانے والی دو نئی ٹیموں کی بڈنگ میں بھی حصہ لینے کا اعلان کیا تھا، آخری لمحات میں انہوں نے نئی ٹیموں کی بڈنگ سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا تھا۔اس موقع پر علی ترین نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ اگر وہ دوبارہ پی ایس ایل میں آئے تو صرف جنوبی پنجاب کی نمائندگی کے لیے آئیں گے۔ذرائع کے مطابق علی ترین کا ماننا ہے کہ ملتان سلطانز نہ صرف ایک مضبوط ٹیم ہے بلکہ جنوبی پنجاب کے عوام کی جذباتی وابستگی بھی اس فرنچائز سے جڑی ہوئی ہے، جسے وہ دوبارہ برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے قریبی ذرائع کے مطابق ملتان فرنچائز کی نیلامی 8 یا 9 فروری کو کیے جانے کا امکان ہے۔ اس نیلامی میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کی دلچسپی متوقع ہے، تاہم علی ترین کی شمولیت کے باعث مقابلہ مزید سخت ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔پی ایس ایل شائقین اور خاص طور پر ملتان سلطانز کے مداحوں کے لیے علی ترین کی ممکنہ واپسی ایک خوش آئند خبر سمجھی جا رہی ہے۔

Exit mobile version