BBC Urdu TV

پیراپلیجک سنٹر پشاور میں جاری سپورٹس گالا شاندار کرکٹ ٹورنامنٹ کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا

پیراپلیجک سنٹر پشاور میں جاری سپورٹس گالا شاندار کرکٹ ٹورنامنٹ کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا۔

کالج آف فزیکل میڈیسن فاتح، اٹینڈنٹس رنر اپ رہے، شائقین کا جوش و خروش دیدنی تھا۔

ڈاکٹر الیاس سید کی فاتح ٹیم کو مبارکباد، معذور کھلاڑیوں اور خواتین کی شرکت کو سراہا۔

پشاور(نمائندہ فاطمہ جعفر)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق پیراپلیجک سنٹر پشاور کے زیر اہتمام جاری سپورٹس گالا پیر کے روز کرکٹ ٹورنامنٹ کے شاندار فائنل کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔ کالج آف فزیکل میڈیسن اینڈ ری ہیب (سی ایم پی آر) کی ٹیم نے اٹینڈنٹس الیون کو آٹھ وکٹوں کی واضح برتری سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کرلی۔ حیات آباد فیز 5 گراؤنڈ میں منعقدہ اس ایونٹ میں 18 ٹیموں نے شرکت کی اور ہر روز دو میچز کھیلے گئے۔پیراپلیجک سنٹر پشاور کے چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر سید محمد الیاس نے فائنل میں خصوصی شرکت کی اور فاتح ٹیم اور کھلاڑیوں کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ پیراپلیجک سنٹر بنیادی طور پر ایک طبی ادارہ ہے، مگر یہاں کے عملے، مریضوں اور تیمارداروں کیلئے کھیلوں کے ایسے مواقع انتہائی اہم ہیں کیونکہ وہ دن رات معذور افراد کی خدمت میں مصروف رہتے ہیں۔ اٹینڈنٹس کی شرکت کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے، ڈاکٹر الیاس سید نے کہا کہ سنٹر میں زیادہ تر نوجوان مریض زیر علاج رہتے ہیں، جو مختلف حادثات کے بعد مہینوں زیرِعلاج اور وہیل چیئر تک محدود ہو جاتے ہیں۔ ان کے تیماردار، جو عام طور پر ان کے اہل خانہ کے نوجوان ہوتے ہیں، ہر وقت ان کے ساتھ رہتے ہیں، اسلئے ان کیلئے بھی تفریحی اور جسمانی سرگرمیاں ناگزیر ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ یہ سپورٹس گالا ہر سال باقاعدگی سے منعقد کیا جائے گا اور اس کی سہولیات میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔ سپورٹس گالا کے تمام مقابلوں میں خواتین کھلاڑیوں کی شرکت پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے، ڈاکٹر الیاس نے کہا کہ انہیں گھروں میں کھیلوں کے مواقع اور سہولیات نہیں ملتیں، اسلئے ایسے مقابلے صحت افزا بلکہ ان کی تخلیقی صلاحیتوں کو بھی ابھارتے ہیں۔ سپورٹس گالا کے دوران رسہ کشی، ٹیبل ٹینس، لوڈو، کیرم بورڈ، والی بال، باسکٹ بال اور آرچری سمیت مختلف مقابلے بھی کامیابی سے مکمل ہوگئے ہیں۔ اختتامی تقریب میں کھلاڑیوں، شائقین اور منتظمین کا جوش و خروش دیدنی تھا، جو اس ایونٹ کی کامیابی کا واضح ثبوت ہے۔ سپورٹس گالا کی رسمی اختتامی تقریب عنقریب پیراپلیجک سنٹر پشاور کے احاطے میں منعقد ہوگی۔

Exit mobile version