*پہلی 2 روزہ بین الاقوامی کانفرنس ”فارما کولوجی اینڈ الائیڈ سائنسز“کی افتتاحی تقریب*
*ہمارے سائنسدانوں کو مقصدیت سے بھرپور اور معاشرے سے قرب رکھنے والی تحقیق پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر خالد عراقی*
کراچی (رپورٹ: جاوید صدیقی) جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر خالد محمود عراقی نے کہا کہ ملک میں ذیابیطس اور قلبی امراض جیسی بیماریوں کا زیادہ پھیلاؤ ایک بڑا مسئلہ بن چکا ہے جس پر فی الفور توجہ دینے کی اشد ضرورت ہے۔ پاکستانی سائنسدانوں اور بالخصوص نوجوان سائنسدانوں کو سائنسی علوم کے ذریعے معاشرے کی مدد، مقصدیت سے بھرپور اور معاشرے سے قرب رکھنے والی تحقیق پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ جامعات کا کردار معاشرتی مسائل کے حل میں کلیدی ہے۔ تحقیق صحت کی دیکھ بھال اور تعلیم سے لے کر ٹیکنالوجی اور سماجی پالیسی تک ہماری زندگیوں میں بھرپور کردار ادا کرسکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شعبہ فارماکولوجی جامعہ کراچی کے زیر اہتمام اور انٹرنیشنل سینٹر فار کیمیکل اینڈ بائیولوجیکل سائنسز "آئی سی سی بی ایس ” جامعہ کراچی کے اشتراک سے آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے پروفیسر سلیم الزماں آڈیٹوریم میں منعقدہ پہلی دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس بعنوان:”فارما کولوجی اینڈ الائیڈ سائنسز“ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس میں پانچ ممالک سویڈن، ایران، برطانیہ، عمان، امریکہ کے محققین سمیت تین سو کے قریب اسکالرز شرکت کررہے ہیں جبکہ غیر ملکی سائنسدانوں کی شرکت آن لائن ہے۔ ڈاکٹر خالد عراقی نے مزید کہا کہ ملک میں بیماریوں کا زیادہ پھیلاؤ ایک بڑا مسئلہ بن گیا ہے جس کی روک تھام اور سدباب کیلئے خصوصی اقدمات اور اس طرف جلد از جلد توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ ہمارا المیہ یہ ہے کہ ڈاکٹر کی تجویز کے بغیر اینٹی بائیوٹک کا استعمال شروع کردیتے ہیں اور اگر اس سے افاقہ نہیں ہوتا تو بغیر سوچے سمجھے دوسری اینٹی بائیوٹیک استعمال کرنا شروع کردیتے ہیں جو لمحہ فکریہ ہے۔ ڈاکٹر خالد عراقی نے ایسی مفید بین الاقوامی کانفرنس کے انعقاد پر شعبہ فارماکولوجی کی کوششوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ یہ کانفرنس فارماکولوجی اور اس سے متعلقہ شعبوں میں قومی اہمیت کے اہم مسائل کو حل کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی کانفرنسز سے سائنس اور تعلیم میں ہونے والی پیشرفت اور ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے کا موقع ملے گا۔ انٹرنیشنل سینٹر فار کیمیکل اینڈ بائیولوجیکل سائنسز جامعہ کراچی کی ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر فرزانہ شاہین نے کہا کہ آئی سی سی بی ایس ترقی پذیر دنیا کی اعلیٰ تحقیقی اداروں میں سے ایک ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مرکز کے پاس ملک کا واحد سب سے بڑا ڈاکٹریٹ پروگرام ہے، جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ بین الاقوامی مرکز پبلک پرائیویٹ انٹرپرائز کی ایک انوکھی اور قابل تقلید مثال ہے۔ ڈین فیکلٹی آف فارمیسی پروفیسر ڈاکٹر حارث شعیب نے شعبہ فارماکولوجی کے فیکلٹی ممبران کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایسی اہم سائنسی کانفرنس کے انعقاد سے فارماکوڈائنامکس اور کلینکل فارماکولوجی میں اپنے کام کو پیش کرنے کیلئے معروف سائنسدانوں کیساتھ بات چیت اور ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے کا موقع ملے گا۔ چیئر پرسن شعبہ فارماکولوجی جامعہ کراچی ڈاکٹر افشاں صدیق نے کہا کہ اس کانفرنس کا بنیادی مقصد فارماکولوجی کے شعبے میں علم کے تبادلے اور جدت کیلئے ایک متحرک پلیٹ فارم بنانا ہے جس میں دنیا بھر کے محققین، سائنسدانوں اور پیشہ ور افراد کو فارماکولوجی اور اس سے منسلک سائنسز میں علم، خیالات اور اختراعات کا اشتراک کرنے کیلئے اکٹھا کرنا ہے۔
