BBC Urdu TV

پنجاب میں مون سون بارشوں کے پانچویں سپیل کا کل سے آغاز

پنجاب بھر میں مون سون بارشوں کے پانچویں سپیل کاکل سے آغاز ہو گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر لاہور کے افق پر بادلوں کا راج برقرارہے جس سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی آئی ہے، شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 29 جبکہ زیادہ سے زیادہ 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق شہر لاہور میں آج بارش برسنے کے 30 فیصد امکانات ہیں جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 83 فیصد تک جا پہنچا ہے تاہم شہر میں 26 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔

دوسری جانب پنجاب میں مون سون بارشوں کا پانچواں سپیل کل سے شروع ہو گا ، کل سے 31 جولائی تک پنجاب میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

29 سے 31 جولائی کے دوران جنوبی پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کے امکانات ہیں جبکہ راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا ،ملتان، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، لاہور، فیصل آباد، ساہیوال اور گجرات ڈویژنز میں بھی مون سون بارشیں متوقع ہیں۔

ادھر ڈی جی پی ڈی ایم اے کی جانب سے موسمی صورتحال کے بارے میں متعلقہ انتظامیہ کو الرٹ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

Exit mobile version